انٹرنیشنل نیوز

ایران مافیاؤں کا سرپرست،فلسطینیوں کی مدد فرض ہے،شاہ اردن خطے میں جاری بحران عرب اقوام کی سلامتی کا حصہ،ہرصورت حل کرنا ہوگا،سیکرٹری جنرل عرب لیگ

پیر 16 اپریل 2018 16:30

ظہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2018ء)اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کی ہر طرح کی حمایت ہم سب پر واجب ہے۔پیر کو الظہران میں ہونیوالی عرب سربراہ کانفرنس سے خطاب میں اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم نے کہا کہ فلسطینیوں کی ہر طرح کی حمایت ہم سب پر واجب ہے۔القدس پر فلسطینیوں، عربوں اور مسلمانوں کو ابدی اور دائمی حق ہے جسے کوئی نہیں چھین سکتا۔

فلسطینی قوم کو ان کی آزاد اور خود مختار ریاست کے قیام میں ان کی ہرطرح سے مدد کی جانی چاہیے۔انہوں نے شام میں داعش کی شکست پر عرب ممالک اور عالمی برادری کو مبارک باد پیش کی اور شام میں جاری تنازع کے پر امن حل کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط نے کہا کہ خطے میں جاری بحران عرب اقوام کی سلامتی کا حصہ ہیں اور انہیں ہرصورت میں حل کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

خطے کو درپیش بحران تمام عرب ممالک کے نزدیک یکساں اہمیت کے حامل ہونے چاہئیں اوران کا حل سب کیلئے اولین ترجیح ہو۔تمام عرب ممالک کو مشترکہ علاقائی مسائل کے حل کیلئے موثر مذاکرات کی پالیسی اپنانے کی ضرورت ہے۔احمد ابو الغیط نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے القدس کے بارے میں متنازع اعلان کے بعد عرب ممالک کی جانب سے کم زوری کا مظاہرہ کیا گیا۔تمام عرب ممالک کو قضیہ فلسطین کے حوالے سے صدر محمود عباس کے ویڑن کی حمایت کرنی چاہیے۔انہوں نے خطے میں ایرانی مداخلت کی مذمت کی اور کہا کہ ایرانی مداخلت خطے میں عرب ممالک کیلئے نیک شگون نہیں۔ایران یمن میں ایک مخصوص مافیا کی مدد کررہا ہے جس نے سعودی عرب کی سلامتی کو نقصان پہنچایا۔