کوئٹہ، عیسیٰ نگری میں فائرنگ کے واقعہ کا پولیس نے مقدمہ درج کر لیا

کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، جاں بحق دو افراد کی تدفین

پیر 16 اپریل 2018 20:26

کو ئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2018ء) کوئٹہ کے علاقے عیسیٰ نگری میں فائرنگ کے واقعہ کا پولیس نے مقدمہ درج کر لیا تا ہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالے دو افراد کی سو گواروں کی موجودگی میں مقامی قبرستان میں تدفین کر دی گئی تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب کوئٹہ کے نواحی علاقے عیسیٰ نگری میں واقع چرچ کے قریب کھڑے افراد پر دو نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو افراد اظہر اقبال اور راحب جاں بحق جبکہ دو لڑکیاں ثمینہ بی بی، مہوش بی بی اور سموئل سمیت تین افراد زخمی ہو گئے تھے بروری پو لیس نے اقبال جاوید کی مد عیت میں نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا مقدمہ میں قتل اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہے تا ہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالے دونوں افراد کی سو گواروں کی موجودگی میں مقامی قبرستان میں تدفین کر دی گئی ۔