پھلیوں میں دانے بھرجانے پرمٹرکی برداشت شروع کردیں،محکمہ زراعت

منگل 17 اپریل 2018 12:29

قصور۔17 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء)محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پھلیوں میں دانے بھرجانے پرمٹرکی اگیتی فصل کی برداشت شروع کردیں اور چنائی میں تاخیر سے گریزکیاجائے تاکہ مٹرکی فصل کونقصان سے بچایاجاسکے۔ محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایا کہ مٹرکی اگیتی اقسام 2 جبکہ پچھیتی اقسام 3 چنائیاں دیتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاشتکارچنائی کرتے وقت اس بات کاخیال رکھیں کہ پودے الٹ پلٹ نہ ہوں اورنہ ہی زمین سے پودوں کو اکھاڑاجائے۔ انہوں نے کہا کہ صبح کے وقت احتیاط سے چنائی کا وقت انتہائی موزوں ہے تاہم اگر انہیں دورکی منڈیوں تک فروخت کیلئے پہنچانا درکار ہو تو چنائی شام کو بھی کی جاسکتی ہے‘ کاشتکار مٹرکی پھلیوں کی تازگی اور رنگت برقراررکھنے کیلئے انہیں چنائو کے بعد کپڑے کی صاف بوریوں میں پیک کریں تاکہ پھلیوں کو نقصان پہنچنے کا احتمال نہ رہے۔