پاکستانی تل کی بڑھتی طلب کے پیش نظر تل کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات تیار کرکے چینی مارکیٹ میں برآمد کرنے کا منصوبہ

آئی ایم جی گروپ نے 2 ہزار مربع میٹر رقبے پر پروسیسنگ پلانٹ قائم کر لیا ،جدید مشینری کی فراہمی کیلئے بات چیت جاری رواں سال کے پہلے سات ماہ میں چین کو مالیت 105.29 ملین ڈالر مالیت کی103,340 ٹن تل کے بیج برآمد

جمعہ 11 ستمبر 2026 14:39

پاکستانی تل کی بڑھتی طلب کے پیش نظر تل کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات تیار کرکے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2026ء) چین میں پاکستانی تل کی بڑھتی طلب کے پیش نظر انٹرنیشنل ملٹی گروپ آف کمپنیز نے پاکستان میں تل کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات تیار کرکے چینی مارکیٹ میں برآمد کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا،اس مقصد کے لیے گروپ نے تقریباً 2 ہزار مربع میٹر رقبے پر پروسیسنگ پلانٹ قائم کیا ہے جبکہ چینی آلات فراہم کرنے والی کمپنیوں سے جدید مشینری کی فراہمی کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق پاکستان نے 2026 کے پہلے سات ماہ میں چین کو 103,340 ٹن تل کے بیج برآمد کیے جن کی مالیت 105.29 ملین ڈالر رہی۔ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں برآمدی مقدار میں 110.8 فیصد جبکہ برآمدی مالیت میں 72.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔آئی ایم جی سی کے چین میں نمائندے وانگ لی کے مطابق کمپنی صرف صاف شدہ تل کے بیج برآمد کرنے کے بجائے پاکستان میں ہی تل سے کھانے کا تیل، تل کا پیسٹ اور دیگر ویلیو ایڈڈ مصنوعات تیار کرے گی جس سے خام زرعی پیداوار کے بجائے زیادہ تجارتی قدر کی مصنوعات برآمد کی جا سکیں گی۔

(جاری ہے)

پلانٹ میں چین سے حاصل کردہ جدید پروسیسنگ آلات استعمال کیے جائیں گے۔اعدادوشمار کے مطابق پاکستان کی موجودہ تل کی ویلیو ایڈڈ برآمدات انتہائی محدود ہیں۔ ورلڈ بینک کے ڈیٹا کے مطابق 2024 میں تل کے تیل اور متعلقہ مصنوعات کی مجموعی برآمدات صرف 228,470 ڈالر یعنی تقریباً 25.7 ٹن رہی تھیں جن کا تقریباً تمام حصہ چین کو برآمد کیا گیا۔