اتفاق وامن سے زندگی بسر کرنے کے لئے مذہبی آزادیوں کو قبول کرنا ہو گا، فرانسیسی صدر

منگل 17 اپریل 2018 12:35

پیرس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکرون کا کہنا ہے کہ اگر ہم اتفاق وامن سے زندگی بسر کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں مذہبی آزادیوں کو قبول کرنا ہو گا۔ترک خبررساں ادارے کے مطابق ایمانوئل ماکرون نے ملک میں مسلمانوں اور ہیڈ اسکارف کے استعمال کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دینِ اسلام خاص کر ہجرت اور آبادی میں اضافے کے بعد فرانس میں پھیلا ہے۔

اس وقت ملک میں ساڑھے چار تاچھ ملین فرانسیسی شہری مسلمان ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ یہ دین فرانس کے لیے ایک نیا دین ہے تاریخ میں فرانس کا تعلق کیتھولک پروسٹنٹ عیسائیوں اور یہودیوں سے رہا ہے ۔ شہریوں کی ایک بڑی اکثریت اس نئی روش سے خوفزدہ ہے۔ لیکن اگر ہم اتفاق و سلوک کے ماحول میں پر سکون زندگیاں گزارنے کے متمنی ہیں تو پھر ہم سب کو تمام تر مذاہب اور عقائدکا احترام کرنا ہو گا۔فرانسیسی صدر نے بتایا کہ اس خوف کا موجب دین اسلام نہیں بلکہ انتہا پسند ہیں۔ہیڈ اسکارف والی ایک عورت کو دیکھنے پر آپ کیا محسوس کرتے ہیں پر تفصیلی جواب دیتے ہوئے ماکرون کا کہنا تھا کہ میں ا ن کا احترام کرتا ہوں اور عوام کو بھی ان کا احترام کرنا چاہیے۔