عالمی تحقیقاتی ٹیم کی دوما آمد کی متضاد اطلاعات،امریکہ کی تردید

ٹیم دوما موجود ہے،شامی مندوب/ حقیقی ماہرین دوما میں نہیں ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کا دعویٰ

بدھ 18 اپریل 2018 15:18

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) شام کے شہر دوما میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی جانچ کرنے والے بین الاقوامی ماہرین کی موجودگی کے بارے میں مبہم صورتحال دیکھنے میں آ رہی ہے۔شامی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی تحقیقات کرنے کے لیے شام میں موجودٹیم کو دوما تک رسائی دیدی گئی ہے جبکہ امریکی محکمہ خارجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ حقیقی ماہرین دومامیںموجود نہیںہیں،شام کے سرکاری ٹی وی اور غیر سرکاری امدادی تنظیم وائٹ ہیلمٹ کے رضاکاروں نے بتایاکہ آرگنائزیشن فار دی پروہیبیشن آف کیمیکل ویپنز کے ماہرین کی ٹیم دوما پہنچ چکی ہے جبکہ اقوام متحدہ میں شام کے سفیر بشار جعفری نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں بتایا کہ ماہرین کی ٹیم دوما میں ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ شامی حکومت نے تحقیقاتی مشن کی آمد کے لیے تمام ضروری اقدام کیے ہیں۔انہوں نے کہااقوام متحدہ کی سکیورٹی ٹیم بدھ کو دمشق کے معیاری وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے دوما میں داخل ہوئی تاکہ زمینی حقائق کا جائزہ لے سکے۔ اگر سکیورٹی ٹیم فیصلہ کرتی ہے کہ دوما میں صورتحال محفوظ ہے تو پھر حقائق جانچنے والا مشن دوما میں کام شروع کر دے گا۔

جعفری کے بقول حقائق جانچنے والی ٹیم کی آمد کا فیصلہ کلی طور پر اقوام متحدہ اوراو پی سی ڈبلیوپر ہے اور شامی حکومت صرف انھیں سہولت فراہم کرسکتی ہے۔ادھرامریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے ان اطلاعات کی تصدیق نہیں کی۔ ہیتھر نیورٹ کا کہنا تھا کہ ہمارے خیال میں یہ ٹیم دوما میں داخل نہیں ہوئی ہے۔واضح رہے کہ تنظیم کے ماہرین ہفتہ کو شام پہنچے تھے اور اسی روز امریکہ، برطانیہ اور فرانس نے شام میں کیمیائی ہتھیاروں کی تنصیبات پر میزائلوں سے حملہ کیا تھا۔