نیمار پائوں کی انجری سے نجات پا کر رواں برس شیڈول ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں برازیلین ٹیم کی نمائندگی کیلئے پر عزم

بدھ 18 اپریل 2018 16:00

سائوپالو ۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) سٹار برازیلین فٹ بالر نیمار نے امید ظاہر کی ہے کہ رواں برس روس میں شیڈول ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ سے قبل سو فیصد فٹ ہو جائیں گے اور 17 مئی سے دوبارہ ٹریننگ شروع کریں گے۔ نیمار رواں سال 25 فروری کو لیگ میچ کے دوران پائوں کی انجری کا شکار ہوئے تھے جس کی وجہ سے انہیں سرجری کرانا پڑی تھی اور ان دنوں وہ بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انجری مسائل کے باعث نیمار کی ورلڈ کپ میں شرکت تاحال غیریقینی صورتحال کا شکار ہے۔ برازیلین ٹیم میگا ایونٹ میں 17 جون کو سوئٹزرلینڈ کے خلاف میچ سے عالمی ٹائٹل کیلئے مہم کا آغاز کرے گی۔ سائو پالو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور 17 مئی کو ان کا آخری معائنہ ہو گا جس کے بعد وہ کھیلنے کیلئے آزاد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں گزشتہ چار برس سے ورلڈ کپ کا انتظار کر رہا ہوں اور اس میں شرکت کیلئے ہر ممکن کوشش کروں گا۔