محمد سراج اور شبھمن گل نے جو روٹ کو دفاعی حکمت عملی اپنانے ٹرول کردیا

ہفتہ 12 جولائی 2025 13:40

محمد سراج اور شبھمن گل نے جو روٹ کو دفاعی حکمت عملی اپنانے ٹرول کردیا
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)بھارتی فاسٹ بولر محمد سراج اور کپتان شبھمن گل نے جو روٹ کو دفاعی حکمت عملی اپنانے پر ٹرول کردیا۔لارڈ کے میدان میں بھارت کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے پہلے دن صرف انگلینڈ کی صرف چار وکٹیں گری لیکن میزبان ٹیم نے 83 اوورز میں 3.02 کے رن ریٹ سے 251 رنز بنائے۔انگلش بیٹرز میں سے کوئی بھی 58 سے زیادہ اسٹرئیک ریٹ پر نہیں گیا۔

جسپریت بمراہ اور محمد سراج نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو آزادانہ اسکور کرنے سے روک دیا، انگلینڈ کے بہترین بیٹر جو روٹ نے 199 گیندوں پر 104 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ کپتان بین اسٹوکس 110 گیندوں پر 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔محمد سراج نے انگلینڈ کے جارحانہ کھیل ’بیزبال‘ پر بات کی اور روٹ کو دیکھ کر کہا کہ ’بیز بال کرکٹ کہاں ہے‘ بیز بال کرکٹ کھیلو میں دیکھنا چاہتا ہوں۔

(جاری ہے)

کپتان شبھمن گل بھی اس میں شامل ہوئے اور انگلش بیٹرز کا مذاق اڑاتے ہوئے اسٹمپ مائیک میں پکڑے گئے اور کہنے لگے کہ اب کوئی تفریحی کرکٹ نہیں ہے، بورنگ ٹیسٹ کرکٹ میں لڑکوں دوبارہ خوش آمدید۔واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔انگلینڈ نے لیڈز میں ابتدائی ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کی جبکہ شبمھن گل کی قیادت میں بھارت نے برمنگھم میں دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو شکست دی تھی۔

ٹیسٹ کرکٹ میں انگلش ٹیم کے جارحانہ کھیل کے انداز کو بیز بال کا نام کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے ایڈیٹر اینڈریو ملر نے 2022 میں ایک پوڈ کاسٹ میں دیا۔اینڈریو ملر نے برینڈن میک کلم کی کوچنگ میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے کرکٹ کے اس نئے برانڈ کے منظر عام پر آنے کے بعد اس جارحانہ کھیل کے انداز کو بیزبال کا نام دیا۔