انسانی وسائل کی ترقی کے لئے سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت ہے ،ْ سر دار اویس احمد خان لغاری

علم پر مبنی معیشت سے ملک میں ترقی اور خوشحالی آئے گی ،ْدرآمدات کو قابل تجدید توانائی سے کم کیا جا سکتا ہے ،ْ قابل تجدید توانائی ملک کا مستقبل ہے۔ اس کے لئے باقاعدہ ادارہ قائم کیا جائیگا ،ْ یو ایس پاکستان سینٹر فار ایڈوانس سٹڈیز کے پہلے کانووکیشن سے خطاب

بدھ 18 اپریل 2018 18:03

انسانی وسائل کی ترقی کے لئے سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت ہے ،ْ سر دار ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ انسانی وسائل کی ترقی کے لئے سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت ہے ،ْ علم پر مبنی معیشت سے ملک میں ترقی اور خوشحالی آئے گی ،ْدرآمدات کو قابل تجدید توانائی سے کم کیا جا سکتا ہے ،ْ قابل تجدید توانائی ملک کا مستقبل ہے۔ اس کے لئے باقاعدہ ادارہ قائم کیا جائے گا۔

بدھ کو نیشنل یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی (نسٹ) میں یو ایس پاکستان سینٹر فار ایڈوانس سٹڈیز کے پہلے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسانی وسائل کے شعبہ میں سرمایہ کاری میں اضافہ کئے بغیر علم پر مبنی معیشت کے فروغ کا مقصد حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی سازوں کو ملک کو ترقی اور خوشحالی کے راستے پر ڈالنے کے لئے انسانی وسیلے کے شعبے میں سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک کھرب روپے سے زائد کے توانائی کے شعبے کے لئے اپنی ماہرانہ رائے دینے کے لئے ہمارے پاس ماہرین کی تعداد کم ہے جبکہ انسانی وسیلے کے شعبے میں بھی بہتر کم رقم خرچ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی پالیسی کو علم پر مبنی معیشت کے فروغ کے لئے ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔ توانائی کے شعبے میں تکنیکی معاونت کے لئے افرادی قوت بڑھائی جائے گی اور اس کام کے لئے تعلیم یافتہ اور توانائی کے ماہرین سے کام لیا جانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ نسٹ تعلیمی تحقیق کے شعبہ میں عملی نمونہ ہے۔ اس حوالے سے اس کا اعلیٰ مقام ہے۔ نسٹ یونیورسٹی نے بین الاقوامی سطح پر اپنا معیار قائم کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے ڈگری کی کامیاب تکمیل پر طلباء کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں ایک قابل قدر اضافہ ہیں۔ یو ایس پاکستان سینٹر برائے ایڈوانسڈ سٹڈیز جیسے ادارے پائیدار اور قابل تجدید توانائی کے شعبہ میں بھرپور خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

قبل ازیں جدید توانائی کے شعبہ میں انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کرنے والے طلباء توانائی کے شعبہ میں ترقی کے لئے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں معاونت فراہم کرنے پر ہم امریکی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو توانائی کے شعبہ میں ڈگری لیتے ہوئے دیکھ کر انہیں بہت خوشی ہوئی ہے۔ قبل ازیں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ یو ایس پاکستان سینٹر برائے ایڈوانسڈ سٹڈیز نے توانائی کے مسئلے کے حل اور ترقی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے پاکستان میں مستقبل کے ماہرین تیار کرنے کے لئے ایک شراکت داری قائم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صنعت اور تعلیم یافتہ ماہرین کے درمیان تعلقات سے پاکستان موثر پالیسی متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ جدت پسندی اور اقتصادی ترقی کے فروغ کو یقینی بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مراکز بہترین تھنک ٹینکس اور پاکستان کے توانائی اور آبی شعبوں کے لئے تحقیقی اداروں کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ نسٹ کے ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) نوید زمان نے کہا کہ نسٹ نے پچھلے تین سال کے دوران عالمی یونیورسٹیوں میں اپنی درجہ بندی کو بہتر بنایا ہے اور وہ دنیا کی پانچ سو اور ایشیاء کی 100 بہترین یونیورسٹیوں میں سے ایک ہے۔ کانووکیشن میں 94 طلباء و طالبات کو ڈگریاں دی گئیں۔