لوٹ مار مافیا دوبارہ ایف پی سی سی آئی کے وسائل کو لوٹنے کی فکر میں مبتلا ہے، ایس ایم منیر

بدھ 18 اپریل 2018 22:16

لوٹ مار مافیا دوبارہ ایف پی سی سی آئی کے وسائل کو لوٹنے کی فکر میں مبتلا ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ اور ملک کے ممتاز تاجررہنما ایس ایم منیر نے کہاہے کہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کا پیاراور ا عتماد ہی میرا سرمایہ ہے، ہم نے چار سال پہلے لوٹ مار مافیا کا صفایا کیا تھا، اب ایک بار پھر وہی مافیا فیڈریشن میں جمع ہونے والے فنڈزاور دیگر وسائل کو لوٹنے کی فکر میں مبتلا ہے مگر اب ہم انہیں فیڈریشن کو مزید نقصان پہنچانے نہیں دیں گے اور انہیں مسلسل پانچویں سال بھی شکست سے دوچار کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں اپنی سالگرہ کے دن کاٹی کے سابق چیئرمین فرحان الرحمان،شوز اور سینڈلز بنانے والی کمپنی ہیلزکے ڈائریکٹر اشرف میا،فراز الرحمان،عاصم حفیظ اورجواد درانی کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ میں خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ،گلزار فیروز،یو بی جی کینیڈ اکے چیئرمین نوید بخاری،زبیرطفیل،مظہر اے ناصر، خالدتواب،زبیرچھایا،فرحان الرحمان،اختیار بیگ اور دیگر بھی موجود تھے۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ جو لوگ مجھے کمزور سمجھ کر اندھرے میں فیڈریشن کو فتح کرنے کے خواب دیکھ رہے ہیں وہ ناسمجھ ہیں کیونکہ یہ ادارہ اب کسی کی ذاتی جاگیر نہیں بلکہ بزنس کمیونٹی کا سرمایہ ہے جس کی ہم مل کر حفاظت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بھی الیکشن مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے اور آئندہ چندروز میں کراچی،لاہور اور اسلام آباد میں یوبی جی کی کورکمیٹیوں کے اجلاس ہوں گے جس میں انتخابی لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

گلزار فیروز نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے ایس ایم منیر کی قیادت میں یوبی جی ایک جٹان کی مانندبن چکا ہے جسے گرانے کا خواب دیکھنے والے پاش پاش ہوجائیں گے۔ شیخ فرحان الرحمان نے اپنی تقریر میں کہا کہ ایس ایم منیر کی خدمات کسی منصب کیلئے نہیں اور یہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ ایس ایم منیربزنس کمیونٹی اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر زبیرطفیل نے آئندہ سال 17 اپریل کو ایس ایم منیر کے اعزاز میں عالیشان تقریب کے انعقاد کا اعلان کیااور کہا کہ ایس ایم منیر بزنس کمیونٹی کے جنرل ہیں جو خود آگے رہ کرمیدان جنگ میں قیادت کرتے ہیں۔اشرف میا نے کہا کہ ایس ایم منیر پاکستان کا سرمایہ ہیں جن پر ہمیں ناز ہے،وہ ایک کامیاب انسان اور درمند دل رکھتے ہیں۔ آخرمیں ایس ایم منیر نے اپنی سالگرہ کا کیک کاٹا جبکہ تمام مہمانوں نے انہیں مبارکباد پیش کی۔