شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں پہلے سیمیسٹر 2018کے امتحانات کے سلسلے میں اعلیٰ سطح کا اجلاس

جمعرات 19 اپریل 2018 00:40

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں پہلے سیمیسٹر 2018کے امتحانات کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد وائس چانسلر سیکرٹریٹ میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے کی۔ اس موقع پر شرکائے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے کہا کہ ہم اپنے طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کررہے ہیں کیونکہ طلبہ و طالبات قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

یونیورسٹی کی جانب سے طلبہ و طالبات کو بہتر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ڈاکٹر پروین شاہ نے کہا کہ ہم تعلیمی کلینڈر کے مطابق تعلیم فراہم کررہے ہیں جبکہ یونیورسٹی میں مرکزی داخلہ پالیسی کا نفاذبھی ہو چکا ہے۔ اس داخلہ پالیسی کے نفاذ سے طلبہ و طالبات کے وقت کی بچت ہوتی ہے جبکہ یہ سمسٹر امتحانات بھی تعلیمی کلینڈر 2018ء کے مطابق لئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پرفیصلہ کیا گیا کہ پہلے سمسٹر 2018 کے امتحانات 2 مئی سے شروع ہوں گے جو 30مئی 2018تک جاری رہیں گے۔ امتحانی فارم پر کرنے کا عمل 20اپریل سے 28اپریل تک جاری رہے گا۔ ایڈمٹ کارڈ 30اپریل تک تمام انسٹیٹیوٹ اور شعبہ جات میں پہنچا دیئے جائیں گے۔ طلبہ و طالبات کیلئے اسٹوڈنٹ آئی ڈی کارڈز پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ کارڈز نا ہونے کی صورت میں طلبہ و طالبات کو امتحانات میں شریک نہیں کیا جائے گا۔

امتحانات کے دوران طلبہ و طالبات کو تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر سید نور شاہ بخاری ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر ممتاز حسین مہرڈین فیکلٹی آف فزیکل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر امداد حسین سہتوڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر میر منصف علی ٹالپرڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر سید اسد رضا عابدی رجسٹرار، پروفیسر ڈاکٹر تاج محمد لاشاری میڈیا کو آرڈنیٹر، سید مہدی شاہ راشدی ناظم امتحانات اور مرید حسین ابوپوٹو ایڈیشنل ناظم امتحانات نے شرکت کی۔