پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں ‘جرمن ایک مضبوط اور طاقتور قوم ہیں جنہوں نے سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں حیرت انگیز ترقی کی ہے ‘پوری دنیا میں معیار کے اعتبار سے اپنا لوہا منوایا ہے

صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان کی پاکستان میں جرمن سفیر مارٹن کوبلر سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 19 اپریل 2018 17:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اپریل2018ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان سے پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے ایوان صدر کشمیر ہائوس میں ملاقات کی۔ صدر مسعود خان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں ۔ صدر نے کہا کہ جرمن ایک مضبوط اور طاقتور قوم ہیں جنہوں نے سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں حیرت انگیز ترقی کی ہے اور پوری دنیا میں معیار کے اعتبار سے اپنا لوہا منوایا ہے۔

صدر آزاد کشمیر نے جرمنی کے سفیر کو آزادکشمیر میں آنے کی دعوت دی اور کہا کہ وہ توانائی کی پیدوار ، صنعتی ترقی کے شعبوں میں آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کریں۔ صدر آزادکشمیر نے مسٹر مارٹن کوبلر کی تعریف کی کہ انہوں نے بڑی کمال مہارت سے اور اپنی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت پاک جرمن تعلقات کو مضبوط و مستحکم کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جرمنی کے سفیر نے پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بڑی گرمجوشی سے اور بصد احترام ان کا استقبال کیا اور پاک جرمن تعلقات کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ ذہین ، فطین اور محنتی ہیں اور ان کے اندر پاکستان کی معیشت کو باہم عروج تک لے جانے کی کما حقہ صلاحیت موجود ہے۔ پاکستانی دنیا کی ایک ابھرتی ہوئی قوم ہیں ۔ مارٹن کوبلر نے مزید کہا کہ آزادکشمیر ایک دلکش سیاحتی مرکز ہے اور میرا ملک جرمنی آزادکشمیر اور جرمنی کے لوگوں کے درمیان ادبی و ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کا خواہا ں ہے۔