حکومت پنجاب نے معذور افراد کیلئے مالی امداد1500روپے کر دی

جمعرات 19 اپریل 2018 19:15

ڈی جی خان۔19 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) حکومت پنجاب نے معذور افراد کیلئے مالی امداد ایک ہزار روپے سے بڑھا کر 1500روپے کر دی ہے جس سے ضلع کے 3109 معذور افراد مستفید ہوں گے ، خدمت کارڈ پر موبائل کمپنیوں اور بنک آف پنجاب کے ذریعے ادائیگی کی جائیگی ، ضلع کے 566معذوروں کو خدمت کارڈ جاری کر دیئے گئے ہیں ، کارڈ کے اجراء کیلئے ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ اور تحصیل صدر ہسپتال تونسہ میں مراکز قائم کر کے عملہ تعینات کیا گیا ہے ، یہ بات ڈپٹی کمشنر محمدابراہیم جنید کی زیرصدارت اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی ، ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ معذور افراد کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے اور خاندان کی بہتر کفالت کیلئے حکومت پنجاب کا یہ احسن اقدام ہے ، معذور افراد تک بروقت رسائی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں تاکہ دی گئی فہرست کے مطابق تمام افراد کو خدمت کارڈ جاری ہو سکیں ۔