سعودی عرب کی تاریخ کی تیز ترین ٹرین چل دی گئی

جمعرات 19 اپریل 2018 23:02

سعودی عرب کی تاریخ کی تیز ترین ٹرین چل دی گئی
ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) سعودی عرب میں تیز رفتار ٹرین حرمین ایکسپریس نے جدہ سے مکہ کیلئے جمعرات کو آزمائشی سفر کیا۔ ٹرین کا باضابطہ آغاز آئندہ سال کے اوائل میں ہوگا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق حرمین ایکسپریس نے سعودی حکام اور 400 مسافروں کے ساتھ اپنے آزمائشی سفر کا آغاز جدہ کے السلیمانیہ سٹیشن سے کیا ۔

رابیغ شہر میں شاہ عبداللہ اکنامک سٹی میںایک گھنٹہ پندرہ منٹ کے سٹاپ کے بعد ٹرین مدینہ کیلئے روانہ ہوئی اور 300 کلومیٹر سے 330 کلومیٹر کی رفتار کے درمیان ٹرین ایک گھنٹہ پندرہ منٹ میں اپنی منزل پر پہنچ گئی ۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق شہزادہ عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز، مکہ کے ڈپٹی امیر، سپین کے وزیر انفراسٹرکچر جولیو گومز، سعودی ٹرانسپورٹ وزیر سلیمان الحمدان حرمین ایکسپریس کے آزمائشی سفر کا حصہ تھے۔

(جاری ہے)

حرمین ایکسپریس ٹرین مکہ سے مدینہ کا سفر تقریبا دو گھنٹے اور جدہ سے مکہ کا سفر تقریباً 20 منٹ جبکہ جدہ سے مدینہ تک کا سفر 2 گھنٹے میں طے ہوگا۔ ٹرین جدہ اور شاہ عبداللہ اکنامک سٹی سے مسافروں کو مکہ سے مدینہ لے جائے گی۔ حرمین ایکسپریس کا منصوبہ آخری مراحل میں ہے اور اسے آئندہ سال کے اوائل میں مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا۔ مکہ سٹیشن مسجد الحرام سے 3 کلومیٹر دور ہے جبکہ مدینہ سٹیشن شاہ عبدالعزیز شاہراہ پر واقع ہے۔ جدہ میں دو سٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں ایک سٹیشن شہر کے وسط میں السلیمانیہ جبکہ دوسرا سٹیشن شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب واقع ہے۔