ناشپاتی‘ دماغ اور آنکھوں کے لیے مفید ہے، امریکی ماہرین

جمعہ 20 اپریل 2018 12:21

واشنگٹن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) امریکی ماہرین صحت نے کہا ہے کہ سپر فوڈ قرار دیا جانے والا پھل ناشپاتی کے کھانے سے دماغ اور آنکھوں کو زبردست فائدہ حاصل ہوتا ہے ۔ٹفٹس یونیورسٹی کے شعبہ صحت کے ماہرین کی جدید تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ناشپاتی غذائیت سے بھرپور ایسا پھل ہے جس میں صحت کے لیے مفید غیر سیرشدہ چکنائیاں ہوتی ہیں جن میں اومیگا تھری بکثرت پایا جاتا ہے جس کے استعمال سے عمر رسیدہ افراد میں دماغی کارکردگی بہتر ہوتی ہے جبکہ اس میں پائے جانے والے کیراٹینوئیڈ اینٹی اکسیڈنٹ لیوٹین کے باعث بصارت بہتر ہوتی ہے۔

ماہرین کے مطابق تقریباً ہر طرح کی سبزی اور پھلوں میں ایک رنگ دار جزو (پگمنٹ) لیوٹین پایا جاتا ہے جو نہ صرف آنکھوں کی حفاظت کرتا ہے بلکہ دماغی صلاحیت، یادداشت اور اکتساب میں بھی اہم کردار ادا کرتا اور بدن میں سوزش کم کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

تحقیق سے ایک اور دلچسپ بات بھی سامنے آئی ہے کہ آنکھوں کی بہتری دماغی صلاحیت پر بھی اثرات ہوتی ہے۔ ماہرین کا اصرار ہے کہ اگر کوئی شخص آنکھوں میں لیوٹین بڑھانے کی گولیاں یا سپلیمنٹ کھارہا ہے تو وہ اسے چھوڑ کر ناشپاتی کھانے پر انحصار کرے کیونکہ یہ سب سے مؤثر عمل ہے۔ واضح رہے کہ امریکا میں ہسپانوی آبادی رغبت سے ناشپاتی کھاتی ہے اور پورے امریکا میں ان کی اوسط عمر زیادہ اور آنکھوں کے امراض بھی کم رونما ہوتے ہیں