ایس ایس پی ملک مطلوب احمدمیرے اور ہم سب کیلئے مشعل راہ ہیں، فرخ رشید

جمعہ 20 اپریل 2018 19:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید نے کہا ہے کہ ملک مطلوب احمد میرے اور ہم سب کیلئے مشعل راہ ہیں، ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ان کی کاوشوں سے ٹریفک پولیس کی کارکردگی بے مثال بنی، عوام کیلئے ہر ممکن سہولیات مہیا کیں، ای ٹکٹنگ سمیت بین الا قوامی معیار کے مطابق ون ونڈو ہال کی تعمیر ان کا عظیم کارنامہ ہے جو تاحیات یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے آئی ٹی پی میں اپنی خدمات عبادت سمجھ کر دیں، ان کے شروع کئے گئے منصوبوں کو جانفشانی سے مکمل کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایس ایس پی ملک مطلوب احمدکے اعزاز میں ٹریفک پولیس ہیڈ کوارٹر میں جمعہ کو الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ایس پی ٹریفک چوہدری خالد رشید، سٹیشن ڈائریکٹرآئی ٹی پی ریڈیو ایف ایم92.4 عائشہ جمیل، ڈی ایس پیز، انسپکٹرز اور دیگر عملے نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید نے ایس ایس پی ملک مطلوب احمد کا بحیثیت ایس ایس پی ٹریفک پیشہ وارانہ خدمات کو سراہا، بالخصوص اسلام آباد کے شہریوں کیلئے کئے گئے نمایاں اقدامات جن میں ون ونڈو ڈیجیٹل ہال، ای ٹکٹنگ، سمیت دیگر قابل ذکر خدمات ہیں اور اس جذبہ کا اعادہ کیا کہ جتنے منصوبے عوام کی خدمت اورروڈ یوزرز کیلئے زیر تکمیل ہیں ان کو پوری جانفشانی کے ساتھ من و عن پورا کیا جائے گا۔

ایس ایس پی ملک مطلوب احمد نے الوداعی خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشیدکی تعیناتی کو خوش آئین قرار دیا اور تمام سٹاف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مکمل ہونے والے تمام اہم منصوبوں میں آئی ٹی پی کی پوری ٹیم کی محنت شامل ہیں ہر عہدیدار نے اپنے حصے کا کام کیا جس کی بدولت اسلام آباد ٹریفک پولیس کو اہم کامیابیاں ملیں اور آج اسلا م آباد ٹریفک پولیس بین الاقوامی طور پر ایک مثالی ادارے کے طور پر جانی جاتی ہے۔ تقریب کے اختتام پر ملک مطلوب احمد کو یادگاری شیلڈ اور پھولوں کے تحائف پیش کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :