وزارت اوورسیزپاکستانیز کے وفد کااو پی سی ہیڈ آفس کادورہ، وائس چیئرپرسن اور کمشنر سے مذاکرات

جمعہ 20 اپریل 2018 23:10

لاہور۔20 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) وفاقی سیکرٹری وزارت اوورسیزپاکستانیز وہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ ڈاکٹر محمد ہاشم پوپلز ئی کی قیادت میں ایک وفد نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن (او پی سی) ہیڈ آفس کادورہ کیا اور وائس چیئرپرسن سینیٹر شاہین خالد بٹ اور کمشنر افضال بھٹی سے ملاقات کی۔ شاہین خالد بٹ اور افضال بھٹی نے وفد کو او پی سی کی کارکردگی ، ویب کمپلینٹ پورٹل اور شکایات کے حل کے طریقہ کار کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیںاور ابتک موصول شکایات میں سے 60فیصد حل کی جا چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ او پی سی اور وزارت اوور سیز پاکستانیز کے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیکر وفاقی اداروں کے متعلق سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی شکایات تیز رفتاری سے حل کی جا سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی سیکرٹری ڈاکٹر محمد ہاشم نے سمندر پار پاکستانیوں کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے او پی سی کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شکایات کے حل کے طریقہ کار کو مزید جامع اور موثر بنانے کے لئے او پی سی سے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل او پی سی عثمان انور، ایڈیشنل ڈی جی آغا یوسف ، ڈی جی او پی ایف سیف الرحمن، ڈائریکٹرز او پی سی اسد نعیم، راجہ زبیر اور عشرت اللہ نیازی بھی اس موقع پر موجود تھے۔