پنجاب بھرمیں لائیو سٹاک چیک پوسٹوں کے قیام کا فیصلہ

ہفتہ 21 اپریل 2018 14:36

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) مویشیوں کی دوسرے شہروں سے نقل و حمل کے دوران بیماریوں کی جراثیمی منتقلی کے روک تھام کے لیے پنجاب بھرکے تمام داخلی و خارجی راستوں پر لائیو سٹاک چیک پوسٹیں بنانے کا فیصلہ کر لیاگیا ہے۔محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کے ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ مویشیوں میں مختلف امراض کی منتقلی روکنے کے لیے صوبہ بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر لائیو سٹاک چیک پوسٹوں کے قیام کی تجویز کو قابل عمل بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں ۔

ذرائع نے سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایاکہ صوبہ کے داخلی و خارجی راستوں پر مجوزہ چیک پوسٹوں پر لائیو سٹاک ماہرین مویشیوں کا معائنہ کریں گے اور ان کی چیچڑ و دیگر امراض سے بچائو کی ویکسینیشن کی جائے گی جبکہ مہلک امراض میں مبتلا ء جانوروں کی دوسرے شہروں اور سلاٹر ھائوسز کو منتقلی نہیں ہونے دی جائے گی بلکہ لائیو سٹاک ماہرین کی سفارشات کی روشنی میں ایسے مویشیوں کو قرنطینہ میں رکھنے کے اقدامات کیے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایاکہ سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب ڈاکٹر نسیم صادق نے صوبہ میں دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافے کی تجاویز کے حصول کے لیے لائیو سٹاک ماہرین سے طویل مشاورت اور موصولہ تجاویز کی روشنی میں لائیو سٹاک چیک پوسٹوں کے قیام کے منصوبے کو حتمی شکل دینے کے لیے مجاز اتھارٹی کو منصوبے کی جزئیات پر مشتمل پروپوزل ارسال کیا تھا ۔

اس حوالے سے ڈائریکٹر لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ راولپنڈی ڈاکٹر شاہد سجاد اصغر نے بتایاکہ محکمہ لائیو سٹاک پنجاب صوبہ میں دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور مویشیوں کو مختلف امراض سے بچائو کی خصوصی مہمات انہی اقدامات کا حصہ ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ قبل ازیں محکمہ لائیو سٹاک عید قرباں سے قبل مویشیوں کی دوسرے شہروں سے نقل و حمل کے دوران بیمار جانوروں کی تشخیص اور ان کی ویکسینیشن کے لیے ضلعی انٹری پوائنٹس پر ٹیمیں تعینات کرتا ہے تاکہ مویشیوں کی منتقل ہونے والے امراض کی روک تھام کی جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :