عوام مذہبی سوچ کی تشریح کے لیے اپنی رائے کا اظہار کریں ،ْآصف زرداری

ہفتہ 21 اپریل 2018 16:02

عوام مذہبی سوچ کی تشریح کے لیے اپنی رائے کا اظہار کریں ،ْآصف زرداری
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2018ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے علامہ اقبال کے 80ویں یوم وفات پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ علامہ اقبال پاکستان کے ان دانشوروں میں شامل ہیں جن کا مذہبی سوچ کو نئی اقدار کے مطابق قائم کرنے کا متاثر کن پیغام اس بات کا متقاضی ہے کہ اس پر توجہ دی جائے تاکہ اسلام کا پرامن، ترقی پسند اور برابری پر مبنی تاثر ابھارا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مذہبی سوچ کو نئے تقاضوں کے مطابق ترتیب دینے کے لئے پہلا قدم یہ ہے کہ ہم ہر صورت میں مذہب کے استحصال اور مذہب کو اپنا سیاسی ایجنڈا مسلط کرنے کی کوششوں کی مزاحمت کریں۔ علامہ اقبال کا اس بات پر یقین تھا کہ مذہب ایک ایسی متحرک قوت ہے جس کی لگاتار تسلسل کے ساتھ تشریح ہوتی رہنی چاہیے۔ سابق صدر نے عوام سے کہا ہے کہ مذہبی سوچ کی تشریح کے لئے وہ اپنی رائے کا اظہار کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج علامہ اقبال کی یاد مناتے ہوئے ہمیں چاہیے کہ ہمیں اپنے آپ کو علامہ اقبال کے فلسفے پر بحث و مباحثے کے لئے وقف کریں تاکہ مذہب کا درست پیغام سمجھنے میں مدد مل سکے۔ آج ہم سخت گیر اور دقیانوسی تشریح کی اندھی تقلید کرنے سے انکار کر دیں۔