علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں تین روزہ ترک فوٹو گرافی نمائش

اتوار 22 اپریل 2018 11:10

اسلام آباد ۔22 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں تین روزہ ترک فوٹو گرافی نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں "پاکستان۔ترکی دوستی کا سفر، دونوں ممالک کے تعلقات کا فوٹوگرافی سروی" اور ترکی کی تاریخ و ثقافت پر مبنی تصاویر کے 100سے زائد پوسٹرز ڈسپلے کئے گئے تھے۔ نمائش میں یونیورسٹی کے سینئر فوٹو گرافر شیخ فیصل عظیم کے فن پارے بھی رکھے گئے تھے جو نمائش کے شرکاء کی توجہ کا مرکز رہے۔

یونیورسٹی ترجمان کے مطابق نمائش کا افتتاح ترکی کے سفیر احسان مصطفی یار ڈوکول نے کیا۔ ترک سفیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی بہترین یونیورسٹیوں میں شامل اوپن یونیورسٹی میں ترکش فوٹو گرافی نمائش سے دونوں برادار ممالک کی دوستی مزید مضبوط ہوگی اور دونوں ممالک کے مابین تعلیمی شعبے میں اشتراک عمل کے منصوبوں کے دروازے کھل جائیں گے۔

(جاری ہے)

تاریخی تصاویر کی نمائش کے لئے تعلیمی ماحول میں مناسب جگہ کی فراہمی پر انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ ترکی نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے بھارت میں تحریک خلافت کے دوران مسلمانوں کے حق میں ترکی کی سفارتی حمایت کی تفصیلات بتائیں۔

ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی پاک۔ترکی دوستی کو بہت اہمیت دیتی ہے اس لئے یونیورسٹی کے شعبہ تاریخ نے جدید ترکی کی تاریخ پڑھانے کے لئے ایم فل سطح پر نئے کورسسز متعارف کرائے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اوپن یونیورسٹی تعلیمی شعبے میں ترکی کی جامعات کے ساتھ مفاہمت کی یاداشت کی خواہشمند ہے۔ نمائس کی افتتاحی تقریب میںیونس ایمری ترکی کے ثقافتی مرکز لاہور کے پروفیسر ڈاکٹر ہلیل ٹوکر، اے آئی او یو کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم قریشی، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسسز پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ اعوان، ڈائریکٹر ریجنل سروسسز ڈاکٹر عارف سلیم عارف، ڈائریکٹر شعبہ داخلہ سید ضیاء الحسنین اور دیگر اعلی افسران موجود تھے۔