الباحہ میں 5 ریال میں پریشر ککر کا اشتہار دیکھ کر عوام کا سمندر امڈ آیا،ہجوم کے سبب پولیس کو حرکت میں آنا پڑا

اتوار 22 اپریل 2018 11:30

ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) سعودی عرب کے شہر الباحہ میں 5 ریال میں پریشر ککر کا اشتہار دیکھ کر عوام کا سمندر امڈ آیا، نئی دکان پر لوگوں کے بے تحاشہ ہجوم کے سبب پولیس کو حرکت میں آنا پڑا۔ سبق نیوز کے مطابق الباحہ ریجن میں برتنوں کی نئی کھلنے والی دکان کا اشتہار اسنیپ چیٹ پر دیکھ کر لوگوں کی بڑی تعداد افتتاح والے دن دکان پر پہنچی جس کے سبب سڑک پر ٹریفک کی روانی شدید متاثرہوئی اور شاہراہ بلاک ہو گئی۔

ٹریفک ازدحام کی اطلاع ملنے پر محکمہ ٹریفک کی مدد طلب کرنا پڑی۔ ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے کئی گھنٹے کی کوشش کے بعد شاہراہ کو کھلوایا اور لوگوں کو منتشر کیا۔ شہری دفاع کو کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کیلئے طلب کیا گیا جس نے لوگوں کو ہٹانے کیلئے اہم کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

دکان کے باہر بھگدڑ سے 3 خواتین بے ہوش ہو گئیں جنہیں ہلال الاحمر کے اہلکاروں نے موقعے ہر طبی امداد فراہم کی۔

اشتہار دیکھ کر الباحہ شہرہی سے نہیں بلکہ قرب و جوار سے بھی بڑی تعداد میں لوگ وہاں پہنچ گئے جس کی وجہ سے شاہراہ عام مکمل طور ر بند ہو گئی۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ دکان مالکان کو اشتہار دیتے ہوئے اس بات کا بندوبست کرنا چاہئے کہ رش ہونے کی صورت میں کس طرح کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔ دکاندار نے اشتہار تو جاری کر دیا مگر کسی قسم کی کوئی احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئی جس کی وجہ سے ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔