پاکستان سمیت دنیا بھر میں ملیریا کا عالمی دن بدھ کو بھر پور طریقے سے منایا جائیگا

اتوار 22 اپریل 2018 12:50

فیصل آباد۔22 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں ملیریا کا عالمی دن 25اپریل بروزبدھ کو بھر پور طریقے سے منایاجائیگاجبکہ اس موقع پر محکمہ صحت ، اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن ، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ، اینٹی ملیریل ایسوسی ایشن اور کالج آف پیرا میڈکس کے زیر اہتمام ملیریا کے عالمی دن کے حوالے سے خصوصی کانفرنسز ، ورکشاپس، سیمینارز کا بھی انعقاد کیاجائیگا جس سے محکمہ صحت کے افسران، ماہرین طب سمیت مختلف مکاتب فکر کی اہم شخصیات بھی خطاب کریں گی نیز ملیریا کے پھیلائو کی وجوہات، ابتدائی علامات ، تشخیص اور علاج و تدارکی اقدامات اور پرہیز کے بارے میں تفصیلی روشنی ڈالی جائیگی تاکہ عوام الناس کو ملیریا سے بچانا ممکن ہو سکے۔

ورلڈ ملیریا ڈے کے موقع پر الیکٹرانک میڈیا خصوصی پروگرامات نشر کرے گا جبکہ پرنٹ میڈیا میں بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت پنجاب کے پبلک ہیلتھ سپیشلسٹ ڈاکٹر افتخار احمدنے بتا یا کہ دنیا میں ہر سال 500ملین افراد ملیریا کے مرض میں مبتلا ہوتے ہیں جن میں غریب ترین لوگوں کی تعداد 70فیصد کے قریب ہے ۔اس طرح ترقی پذیر ممالک خصوصاً ایشیا کے ممالک کیلئے ملیریا ایک بڑھتا ہوا خطرہ ہے نیز ہر سال دنیا بھر میں ملیریا سے 10لاکھ افراد اور پاکستان میں 50 ہزار افراد کی ہلاکت بھی لمحہ فکریہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دنیا میں ہر30 سیکنڈ کے بعد ایک بچہ ملیریا کے باعث لقمہ اجل بن جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی شوگر کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور اس وقت شہری علاقوں کے 14 فیصد اور دیہی علاقوں کے 11 فیصد افراد شوگر میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فاسٹ فوڈ بیماریاں پھیلانے میں اہم کردار ادا کررہی ہیں حالانکہ ہمارے بزرگ سادہ اور متوازن خوراک استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ پیدل چلنے اور ورزش کرنے کے عادی تھے جس کے باعث ان پر بیماریوں کے اثرات نہ ہونے کے برابر تھے۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی روزانہ 35 منٹ کی واک انسانوں کو بہت سی امراض سے بچا سکتی ہے۔