صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ کی ژالہ باری سے متاثرہ کسانوں کی بحالی کیلئے ڈی سی اٹک کو خصوصی ہدایات جاری

اتوار 22 اپریل 2018 20:00

ْ حضرو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) صوبائی وزیر برائے امور نوجوانان جہانگیر خانزادہ نے چھچھ میں ژالہ باری سے متاثرہ کسانوں کی بحالی کیلئے ڈی سی اٹک کو خصوصی ہدایات جاری کر دیں، آج بروز سوموار متاثرہ علاقوں کی یونین کونسلوں میں محکمہ زراعت کے اہلکار متاثرہ کسانوں سے نقصان کے ازالے کیلئے فارم حاصل کریں گے، کسانوں کی بحالی کیلئے اقدام اٹھانے پر اہلیان چھچھ کا صوبائی وزیر کو خراج تحسین، تفصیلات کے مطابق چار روز قبل تحصیل حضرو کے کئی دیہاتوں میں شدید ژالہ باری سے کسانوں کا لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے جس پر صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ جو بیرون ملک کے دورے پر تھے نے ڈی سی اٹک رانا اکبر حیات کو ہدایات جاری کیں کہ وہ کسانوں کی بحالی اور انکے نقصان کے ازالے سے متعلقہ محکمے کو علاقے کا سروے کروائیں جس پر ڈی سی اٹک نے نقصان کے ازالے کیلئے ہدایات جاری کر دیں، گزشتہ روز اتوار کو متاثرہ کسانوں کی کثیر تعداد نے فارم حاصل کر لئے جو آج بروز سوموار انکی یونین کونسلوں میں وصول کئے جائیں گے، صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ متاثرہ کسانوں کی بحالی کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو آگاہ کروں گا اور مجھے پورا یقین ہے کہ خادم پنجاب شہباز شریف تحصیل حضرو کے متاثرہ کسانوں کی بحالی کیلئے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کریں گے، کسانوں نے نقصان کے ازالے کے لئے اقدامات اٹھانے پر صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔