جنوبی کوریا نے اپنے پروپیگنڈا لاوڈ اسپیکرز بند کرنے کا اعلان کردیا

سیول کا یہ قدم جنوب اور شمال کے درمیان فوجی کشیدگی کو کم کرنے اور پر امن مذاکرات کے لیے راہ سازگار کرنے کی جانب ایک قدم ہے،ترجمان وزارت دفاع

پیر 23 اپریل 2018 16:00

سیئول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اپریل2018ء) جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کی سرحد پر پروپیگنڈا کے غرض سے نصب درجنوں لاوڈ اسپیکر بند کرنے کا اعلان کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا اور شمالی کوریا کے درمیان کشیدگی کا باعث بننے والے معاملات پر تیزی سے گفت و شنید کا سلسلہ جاری ہے اور کئی اختلافی مسائل طے پا گئے ہیں جس کے بعد جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کی سرحد پر نصب درجنوں لاوڈ اسپیکر کو بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ان لاوڈ اسپیکرز سے شمالی کوریا سے متعلق منفی خبریں نشر کی جاتی تھیں۔جنوبی کوریا کے وزارت دفاع کے ترجمان نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ جنوبی کوریا کا یہ قدم جنوب اور شمال کے درمیان فوجی کشیدگی کو کم کرنے اور پر امن مذاکرات کے لیے راہ سازگار کرنے کی جانب ایک قدم ہے۔

(جاری ہے)

شمالی کوریا کے وزیراعظم کم یانگ ان رواں ہفتے جنوبی کوریا کے صدر مون جائے سے ملاقات کر رہے ہیں اور یہ ایک دہائی کے دوران پہلا موقع ہے جب دونوں ممالک کے سربراہان ایک دوسرے سے ملاقات کریں گے۔

شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے درمیان رواں ہفتے اعلی سطح کے حکام کے درمیان بات چیت کے دور میں دونوں ممالک کے خوش گوار تعلقات کے درمیان حائل ہونے والے مسائل کے حل ڈھونڈا جائے گا۔ شمالی کوریا نے اپنی عالمی پالیسی پر نظر ثانی کی ہے اور گزشتہ ہفتے اپنی جوہری تجربات کے ایک مرکز کو بند کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :