انویسٹمنٹ کلائمٹ ریفارم یونٹ،کے قیام کا بنیادی مقصدصوبہ بھر میںسرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ، پبلک پرائیویٹ ڈائیلاگ کا اہتمام کرنا ہے، ملیحہ بنگش

پیر 23 اپریل 2018 23:11

سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) منیجنگ ڈائریکٹر انویسٹمنٹ کلائیمیٹ ریفارم یونٹ، پلا ننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب ملیحہ بنگش نے ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کے باہمی اشتراک سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انویسٹمنٹ کلائیمیٹ ریفارم یونٹ،کے قیام کا بنیادی مقصدصوبہ بھر میںسرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ، قانونی معاونت فراہم کرنا ، سرمایہ کاری کے منصوبوں کی مانیٹرنگ کرنا ،ادارہ جاتی اصلاحات اور پبلک پرائیویٹ ڈائیلاگ کا اہتمام کرنا شامل ہے۔

مزید براںانویسٹمنٹ کلائیمیٹ ریفارم یونٹ ایس ایم ای کی پر وموشن کیلئے سرمایہ مہیا کرنا،تربیت یافتہ لیبر کی فراہمی ، خواتین کی کاروبار میں شمولیت کیلئے حوصلہ افزائی کرنا اور قابل اعتماد معلومات تک رسائی کیلئے کام بھی کام کرتا ہے۔

(جاری ہے)

صدر چیمبر نے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ انویسٹمنٹ کلائیمیٹ ریفارم یونٹ کے دورہ چیمبر سے محکمہ اور ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کے مابین نہ صرف دو طرفہ تعلقات کے قیام میں سنگ میل ثابت ہو گا بلکہ اس سے سیالکوٹ کے ایس ایم ایز کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

صدر چیمبر نے کہا کہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائززچھوٹے اور درمیانے درجے کے وہ ادارے ہیں جو کسی بھی ملک کی صنعتی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ یہ ترقی پذیرا ور ترقی یافتہ ممالک دونوں کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ مگریہ بات ہمارے لئے انتہائی لمحہ فکریہ ہے کہ دیگر اہم ممالک کے مقابلے میں پاکستان کے پالیسیز ساز اداروں نے اس شعبہ کو بڑے پیمانے پر نظر انداز کیا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بینک عام طور پر چھوٹے کاروباری اداروں کو قرض دینے سے گریز کرتے ہیں اور سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کیلئے بینکوںکے قوانین بھی سخت ہیں۔اس کے باوجود کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ پالیسی کے مطابق 5ملین تک قرضہ جاری کرنے کے پابند ہونے کے باوجود چھوٹے صنعتکاروں کو قرض فراہم نہیں کرتے ہیں۔

صدر چیمبر نے کہا کہ تربیت یافتہ لیبر کی کمی کو پورا کرنے کیلئے سیالکوٹ میں ٹیکنیکل یونیورسٹی اور کالجز کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے،ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ نے وزیر اعظم پاکستان سمیت سیالکوٹ چیمبر تشریف لانے والے تمام اعلیٰ حکومتی عہدیدران سے سیالکوٹ میں ایک مکمل ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام کا مطالبہ کیا ہے ۔ تمام تر یقین دہانیوں کے باوجود ہمارا مطالبہ ، مطالبہ ہی ہے۔

سیمینار میں صدر سیالکوٹ چیمبر زاہد لطیف ملک، نائب صدر عابد احمد خواجہ، ریاض الدین شیخ، سابق صدور سیالکوٹ چیمبر ڈاکٹر محمد اسلم ڈار، ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ، دائود احمد چٹھہ، میاں نعیم جاوید، غلام مصطفی چوہدری، حنیف خان، خاور انور خواجہ، چیئرمین ائر سیال فضل جیلانی، سی ای اوائر سیال میاںاحسن نعیم، نوید احمد شیخ ، اراکین مجلس عاملہ سمیت چیمبر ممبران کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء سیمینار نے ایس ایم ایز کو درپیش مسائل اور حکومت کی جانب سے مسلسل نظر انداز کئے جانے پر شدیدتشویش کا اظہار کیا۔