شامی اپوزیشن کے انخلاء کے بعد قلمون کے مختلف علاقوں پر داعش کا قبضہ

منگل 24 اپریل 2018 09:40

دمشق ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) شام میں دمشق کے نواحی علاقے مشرقی قلمون سے اپوزیشن کے گروپوں کے انخلاء کے بعد داعش تنظیم نے علاقے میں شامی فوج اور اس کی ہمنوا ملیشیاؤں کے متعدد ٹھکانوں پر قبضہ کر لیا ہے۔دوسری جانب بشار الاسد کی فوج نے دہشت گرد تنظیم کے نئے ٹھکانوں پر بم باری کا سلسلہ شدید کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

العربیہ ٹی وی کے مطابق یہ پیش رفت روس کے ساتھ معاہدے کے تحت ان ٹھکانوں سے شامی اپوزیشن کے گروپوں کے انخلاء کے ایک روز بعد سامنے آئی ہے۔

اپوزیشن گروپوں کو علاقے میں داعش تنظیم کے خلاف دفاع کی اولین دیوار شمار کیا جاتا تھا۔واضح رہے کہ چند روزقبل بسوں کے ذریعے شامی جنگجوؤں اور شہریوں کو مشرقی قلمون کے علاقے سے منتقل کر کے شام کے شمال مغرب میں شامی اپوزیشن کے زیر کنٹرول ایک علاقے پہنچایا گیا۔شام میں انسانی حقوق کی نگرانی کرنے والے سب سے بڑے گروپ المرصد کے مطابق منتقل کئے جانے والے بعض افراد کو عفرین پہنچایا گیا۔