وکیشنل ایجوکیشن ٹریننگ کے سربراہان کی انتظامی صلاحیتوں میں بہتری کیلئے خصوصی تربیت کا آغاز

منگل 24 اپریل 2018 17:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن نے ووکیشنل ایجوکیشن ٹریننگ کے سربراہان کی ( مینجمنٹ سکلز) انتظامی صلاحیتوں میں بہتری کیلئے خصوصی تربیت کا آغاز کر دیا ہے۔ ٹریننگ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیو ٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا کہ تربیت کا اعلیٰ معیار سے ہی بہترین ملازمتوں کے مواقع میں اضافہ ہو گا اور اس سلسلہ میں انسٹرکٹرز اہم بنیادی کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (ٹیوٹ) انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ ٹریننگ (TIMT) کا آغاز پاکستان میں جاری ٹیوٹ سیکٹر کی اصلاحات کا حصہ ہے جس کے ذریعے ٹیوٹ اداروں کے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر سے 500 سے زائد پرنسپل اور سربراہان کو ان کے اپنے اداروں کے انتظامی امور بہتر کرنے پر تربیت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ذوالفقار چیمہ نے اداروں کے سربراہان کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی تربیت کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانا اور انہیں جدید ترین مہارتوں سے آراستہ کرنا ان کی ذمہ داری ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پبلک پرائیویٹ اداروں اور انڈسٹری کی شراکت فنی شعبے کی ترقی کیلئے بہت ضروری ہے اس سے نوجوانوں کے روزگار میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ یہ ٹریننگ پروگرام ٹیوٹ سیکٹر سپورٹ پروگرام کی معاونت سے کیا جا رہا ہے جس کیلئے فنڈ ز یورپین یونین ،جرمنی اور ناروے کی حکومتوں نے فراہم کئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :