گومل میڈیکل کالج میں سالانہ دوروزہ ادبی و ثقافتی فیسٹیول کا انعقاد

منگل 24 اپریل 2018 18:50

ڈیرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) گومل میڈیکل کالج میں سالانہ دوروزہ ادبی و ثقافتی فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں گومل میڈیکل کالج کے طلباء و طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔ طلبہ کی فنی ‘ ادبی ‘ ثقافتی اور دیگر صلاحیتوں کو اجاگر کر نے کیلئے منعقدہ دوروزہ فیسٹیول کی روح رواں گائنی ڈیپارٹمنٹ کی ہیڈ معروف شاعرہ پروفیسر ڈاکٹر نسیم صبا تھیں۔

تقریب میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نعمان افضل آفریدی مہمان خصوصی تھے۔ جبکہ ڈین گومل میڈیکل کالج ڈاکٹر اختر منیر سمیت ڈاکٹرز و پروفیسرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ دو وزہ فیسٹیول میں انگلش ‘ اردو ‘ پشتو اور سرائیکی زبان میں طلبہ نے مختلف ٹیبلو ‘ ملی نغمے ‘ خاکے اور تقاریر کر کے اپنی صلاحیتیوں کا اظہار کیا اس موقع پر طلبہ نے علاقائی ثقافت کی اجاگر کرنے کیلئے بھی مختلف قسم کے پروگرام کا انعقاد کیا اور روایتی لباس زیب تن کر کے مقامی ثقافت کو فروغ دیا۔

(جاری ہے)

طلبہ نے خواتین کے حقوق‘ دہشت گردی‘ اور معاشرے میں دیگر پائے جانے والے مسائل پر کھل کر اظہار کیا اور اس ضمن میں معاشرتی نا ہمواریوں کو اجاگر کیا۔ تقریب کا خصوصی پہلو ڈاکٹر نسیم صبا کا تخلیق کردہ شکوہ‘ جواب شکوہ تھا جو طلبہ اور درسگاہ کے درمیان ہونیوالی ناہمواریوں ‘ مسائل اوردیگر درپیش معاملات کے حوالے سے بہترین مکالمہ تھا۔ منظوم انداز میں لکھے گئے طلبہ کی جانب سے شکوہ کا جواب نسیم صباء نے خود جواب شکوہ کی صورت میں دیکر خوب داد سمیٹی‘ اس منظوم مکالمہ میں انہوں نے الفاظ کے موتی پروکر اپنی خدادار صلاحیتوں کا کھل کر اظہار کیا۔

تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نعمان افضل افریدی نے طلبہ میں انعامات تقسیم کئے اور انہیں غیر نصابی سرگرمیوں میں بہترین پرفارمنس پر مبارکباد دی اور خراج تحسین پیش کیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر اختر منیر ڈین گومل میڈیکل کالج اور ڈپٹی کمشنر نعمان افضل آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کا شعبہ ایک مشکل شعبہ ہے اور یہاں پر زیر تعلیم طلبہ کو اپنی مشکل پڑھائی میں دیگر سرگرمیوں میں وقت نکال کر بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرنا نہایت ہی لائق تحسین ہے۔

اس سے ٹف تعلیمی ماحول میں وقت گزارنے والے طلبہ کو دیگر شعبوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملتا ہے۔ ڈاکٹر نسیم صباء نے تقریب کے اختتام پر کہا کہ ڈاکٹر کا تعلق درد سے ہوتا ہے اور یہی درد ان طلبہ کی صلاحیتوں کے اظہار اور ان کے نکھار میں معاون ثابت ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے طلبہ ہر سال اس تقریب میں اپنی بے پناہ صلاحیتوں کا اظہار کر کے اس امر کو یقینی بناتے ہیں کہ وہ صرف تعلیمی شعبہ میں آگے ہیں بلکہ ادبی‘ فنی اور ثقافتی سرگرمیوں میں بھی اپنا مافی ضمیر موثر انداز میں بیان کر سکتے ہیں۔

تقریب میں طلبہ کی پینٹنگز سے مزین ایک گیلری بھی بنائی گئی تھی جس میں طلبہ نے اپنی فنی صلاحیتوں کو قلم دقرطاس کے ذریعے اجاگر کر کے شرکاء کو یہ باور کرایا کہ وہ زندگی کے ہر شعبہ میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔طلبہ کی تحریر‘ تقاریر اور تصاویر میں گہرائی‘ سچائی اور حقائق کی آمیزش سے معاشرتی ناہمواریوں او مسائل کو بہترین انداز میں اجاگر کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :