اسلام آباد پولیس کا قحبہ خانوں، شراب و منشیات فروشوں اور قمار بازوںکے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کا سلسلہ جاری

منگل 24 اپریل 2018 22:48

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری کے خصوصی احکامات پر ضلع بھر میں قحبہ خانوں، شراب و منشیات فروشوں اور قمار بازوںکے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کا سلسلہ جاری ہے۔ اسلام آباد پولیس نے رواں سال کے دوران قحبہ خانوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 169 عورتوں اور 153 مردوں کو گرفتار کرکے مقدمات درج کر لئے ہیں جبکہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 303 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

وفاقی پولیس کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے گزشتہ دوماہ اور 23دنوں میں اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں کر کے 169عورتوں اور 153مردوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف 54 مقدمات درج کر لئے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران اسلام آباد پولیس نے 303 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 137184گرام چرس،17346گرام ہیروئن،2500گرام افیون،10نشہ آور گولیاں اور 719گرام آئس برآمد کر کے ان کے خلاف 286 مقدمات درج کئے گئے اس کے علاوہ شراب فروشوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس نی220ملزموں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سی13257بوتل شراب برآمد کرکے ان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کیے۔

اسی طرح قماربازوں اور شیشہ سنٹرز کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 173قماربازوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مختلف تھانوں میں 28مقدمات درج ہوئے،شیشہ سنٹرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس نے 119ملزموں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف 44مقدمات درج کیے ۔آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو واضح احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں سے قحبہ خانوں، منشیات و شراب فروشوں اور قماربازوں کے خلاف موثر کریک ڈائون عمل میں لائیں اور اس گھناونے کاروبار میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لائیں تاکہ معاشرے کو اس ناسور سے پاک کیا جا سکے۔ انہوں نے ایسے ملزمان کے خلاف کارروائیاں کرنے والے افسران و جوانوں کو شاباش دی ۔