این ای ڈی یونیورسٹی کراچی میںورلڈ بک ڈے کے حوالے سے تقریب

منگل 24 اپریل 2018 23:02

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) این ای ڈی یونیورسٹی کراچی میںورلڈ بک ڈے کے حوالے ’’کتاب کا کلچر اور تعلیمی اداروں کا کردار ‘‘کے موضوع پر ایک سیمینار منگل کے روز منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈائریکٹر قائداعظم اکیڈمی خواجہ رضی حیدر نے کی۔ مقررین میں وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی سروش حشمت لودھی، ڈائریکٹر گوئٹے انسٹیٹیوٹ StephenWinkler، ڈائریکٹر PACC پروفیسر ہارون رشید، ایگزیکٹو ڈائریکٹر آرٹس کونسل ندیم ظفر صدیقی، پروفیسر یٰسین احمد مینائی اور دیگر شامل تھے۔

جبکہ نظامت کے فرائض پاکستان لائبریری کلب کی رابعہ اے آفریدی نے انجام دیئے۔ اس موقع پر مقررین نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ کتاب کا دن منانا ایک اچھی روایت ہے کیونکہ ہمارے معاشرے میں کتاب کلچر ختم ہورہا ہے خاص طور پر نوجوان نسل کمپیوٹر اور موبائل میں اتنی مصروف ہوگئی ہے کہ وہ کتاب کی جانب بالکل توجہ نہیں دیتی۔

(جاری ہے)

جو افراد کتاب پڑھتے ہیں وہ صرف وہ کتابیں پڑھتے ہیں وہ ان کے کورس کی کتابیں ہوتی ہیں۔

مقررین نے مزید کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تعلیمی اداروں میں ایسا ماحول پیدا کیا جائے کہ طلبہ لائبریری کا رٴْخ کریں اور کتابیں پڑھیں۔ اس کے ساتھ ساتھ والدین کو چاہئے کہ وہ بچوں کو مہنگے مہنگے تحائف کے ساتھ ساتھ کتابیں بھی خرید کردیں تاکہ بچوں میں کتاب بینی کا شوق پیدا ہو۔اس کے لئے لائبریری کا کردار بہت اہم ہے، پہلے زمانے میں ہر محلے اور گلی میں لائبریری موجود تھی لیکن اب لائبریریاں ناپید ہوگئی ہیں۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ کم از کم ہر ضلع اور ٹا?ن کی سطح لائبریری قائم کرے تاکہ لوگوں کو کتاب بینی کا شوق پیدا ہو۔