بھارتی ریاست مہاراشٹر میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں مارے جانے والے ماؤ باغیوں کی تعداد 37 ہو گئی

بدھ 25 اپریل 2018 13:04

نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر کے علاقے گڑھ چرولی میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں مارے جانے والے ماؤ باغیوں کی تعداد 37 ہو گئی ہے۔بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس نے دریائے اندراوتی سے مزید 15 لاشیں برآمد کی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مخصوص اطلاعات پر ریاستی پولیس اور سپیشل فورس کوبرا بٹالیئنز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بہت سے ماؤنواز باغیوں کو ہلاک کردیا۔

پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ 72 گھنٹے کے دوران گڑھ چرولی کے علاقے میں 37 ماؤ نواز باغی مارے گئے ہیں جن میں 19 خواتین شامل ہیں۔ 16 لاشوں کی شناخت کر لی گئی ہے جن پر ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ کا انعام تھا۔ 21 لاشوں کی شناخت ابھی باقی ہے۔

(جاری ہے)

علاقے میں خراب موسم اور بارش کے سبب تمام لاشیں برآمد نہیں کی جاسکی ہیں۔ پی ٹی آئی کے مطابق ایک سینئر پولیس اہلکار نے بتایا کہ سپیشل فورس کوبرا بٹالیئن سی۔

60 نے کاسناسور کے جنگلوں میں آپریشن کے دوران 16 لاشیں برآمد کی۔ ان میں نو مرد اور سات خواتین شامل ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ نفری کی کمی اور شدید بارش کے سبب تلاش کا کام روک دیا گیا تھا اور گذشتہ روز جب پھر سے تلاش شروع کی گئی تو اندراوتی دریا سے مزید 15 لاشیں برآمد ہوئیں۔ انھوں نے بتایا کہ مزید لاشوں اور ہتھیاروں کی تلاش جاری ہے۔

بھارت کی 11 ریاستوں میں ماؤ نواز باغی سرگرم ہیں۔ دوسری جانب گڑھ چرولی کے ہی راجارام کھانڈلا کے علاقے کاپیوانچا میں کیے جانے والے آپریشن میں چھ ماؤنواز باغی مارے گئے جن میں دو مرد اور چار خواتین شامل ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس آپریشن کے دوران مارے جانے والوں میں دریائے اندراوتی کے کنارے آباد بعض عام شہری بھی ہو سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :