ایران کی خلیجی ممالک کو خطے کی سکیورٹی پر بات چیت کی دعوت

بدھ 25 اپریل 2018 15:41

اقوام متحدہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) ایران نے خلیجی ممالک کو خطے کی سکیورٹی پر بات چیت کی دعوت دی ہے،اس کا کہنا ہیکہ وقت آ گیا ہے کہ بالادستی کے فریب سے نکلا جائے جس کے باعث تباہ کن جنگیں ہو چکی ہیں۔

(جاری ہے)

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے اقوام متحدہ کے اجلاس میں خطاب کے دوران خطے میں مذاکرات کے فورم کے قیام کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اس خطے نے بہت جنگیں دیکھی ہیں ہم ہمسایہ ممالک کو دعوت دیتے ہیں کہ اس کوشش میں ہمارا ساتھ دیں۔

انھوں نے کہا کہ یہ بہت اہم ہے کہ اب اپنی قوت یکجا کرنے کی نئی پالیسی اپنائی جائے اور خطے میں سب سے طاقتور ہونے کی کوشش کو ترک کیا جائے۔ واضح رہے کہ ایران کی جانب سے یہ تجویز ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو متنبہ کیا ہے کہ اگر اس نی2015 ء کے بین الاقوامی جوہری معاہدے کے خلاف جوہری پروگرام شروع کیا تو اس کے لیے بڑا مسئلہ کھڑا ہو جائے گا۔