حکومت پنجاب نے سرگودھا سمیت صوبہ بھر کے گندم خریداری مراکز میں آڑھتیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی

بدھ 25 اپریل 2018 20:26

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اپریل2018ء) حکومت پنجاب نے سرگودھا سمیت صوبہ بھر کے مراکز گندم خرید میں آڑھتیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے اور صوبہ بھر میں مراکز گندم خرید پر شکایات سیل اور براہ راست حکومت پنجاب کو شکایات کرنے کیلئے خصوصی نمبرز کے بورڈز نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے کا بھی حکم دیا ہے تاکہ صوبہ بھر کے کاشتکاروں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرناپڑے محکمہ فوڈ ذرائع کے مطابق حکومت نے صوبہ بھر کے مراکز گندم پر باردانہ کی تقسیم اورہر سنٹر پر شفافیت کو یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے امسال صوبہ بھر میں مراکز گندم خرید پر کاشتکاروں کیلئے پینے کے ٹھنڈے پانی اور سایہ دار جگہ بھی فراہم کرنے کا حکم دیا ہے ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران کو ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھر کے مراکز گندم خرید میں آڑھتیوں کے داخلے پر مکمل پابندی کو یقینی بنایا جائے تاکہ گندم خرید سے مڈل مین کے کردار کو مکمل طور پر ختم کیا جاسکے حکومت کسانوں سے آخری دانے کی خریداری تک گندم کی خریداری کا عمل جاری رکھے گی۔