ْکاشتکار گندم کا بیج سٹور کرنے سے قبل سیڈ گریڈر کے ذریعے صاف کروا لیں، ترجمان محکمہ زراعت

جمعرات 26 اپریل 2018 15:11

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) محکمہ زراعت نے گندم کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گندم کا بیج سٹور کرنے سے قبل اسے سیڈ گریڈرکے ذریعے صاف کروا لیں تاکہ اسے ہر قسم کی آلائشوں یا نقصانات سے محفوظ رکھا جا سکے۔محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ بیج کیلئے جس کھیت کا انتخاب کیا جائے اسے ہر قسم کی جڑی بوٹیوں سے پاک ہونا چاہیے نیز بیج کیلئے رکھی گئی فصل کی کٹائی اور گہائی کے بعد اسے دوسری گندم سے بھی الگ ذخیرہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کانگیاری او ر ا کھیڑا جیسی بیماریوں سے محفوظ صحت مند بیج بہتر فصل کا ضامن ہو سکتا ہے۔ انہوںنے گندم کا بیج محفوظ کرتے وقت اس پر گندم کی قسم کا نام بھی واضح طور پر درج کرنے کی ہدائت کی ہے۔ انہوںنے کہا کہ گندم کا بیج الگ رکھنے کیلئے تھریشنگ سے قبل تھریشر یا کمبائن ہارویسٹر کو بھی اچھی طرح صاف کر لیا جائے تاکہ بیج میں کسی قسم کی نمی یا دیگر اجزاء شامل نہ ہو سکیں۔انہوںنے کہا کہ کاشکار اس سلسلہ میں مزید معلومات ، مشاورت و رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کی فری ہیلپ لائن پر بھی مفت کال کر سکتے ہیں۔