گندم خریداری مہم کے دوران چھوٹے کسانوں پر خصوصی توجہ د ی جائیگی،کمشنر ساہیوال

جمعرات 26 اپریل 2018 19:32

گندم خریداری مہم کے دوران چھوٹے کسانوں پر خصوصی توجہ د ی جائیگی،کمشنر ..
چیچہ وطنی۔26 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ انتظامیہ گندم خریداری مہم کے دوران چھوٹے کسانوں پر خصوصی توجہ دے گی تا کہ انہیں مڈل مین کے معاشی استحصال سے بچایا جا سکے اور انہیں محنت کا پورا معاوضہ ملے ،ڈویژن میں قائم تمام خریداری مراکز پر کسانوں کو ضروری سہولیات فراہم کرنے کے انتظامات بھی مکمل ہیں تا کہ کسان کسی پریشانی کے بغیر اپنی گندم بیچ سکیں ،انہو ںنے یہ بات تحصیل عارف والا میں قائم گندم خریداری مراکز قبولہ اور مرلے چوک میں انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی،ڈپٹی کمشنر پاکپتن راجہ منصور احمد ،اے سی جی اشفاق الرحمن خان اور اے سی عارف والہ الطاف حسین انصاری بھی ان کے ہمراہ تھے،انہو ںنے دونوں سنٹرز پر کسانوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور سنٹر انچارجز کو ہدایت کی کہ سنٹرز پر کسانوں کیلئے پینے کے پانی اور بیٹھنے کا خصوصی انتظام کیا جائے اور ضابطے کی کارروائی کم سے کم وقت میں مکمل کی جائے تا کہ کسانوں کا وقت بچ سکے،ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد نے بتایا کہ شفاف طریقے سے ضلع پاکپتن میں 17ہزار9سو سے زائد کسانوں کا انتخاب کر لیا گیا ہے اور انہیں 27اپریل سے باردانہ جاری کرنا شروع کر دیا جائے گا ،انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف خودبھی کسی سنٹر کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیں گے اس لئے تمام سنٹرز پر تعینات مختلف محکموں کے افسران کو کو آرڈی نیشن بہتر کرنی چاہیے تا کہ کوئی شکایت نہ ہو۔