ماہرین زراعت کا سورج مکھی کی فصل کی برداشت کے موقع پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ

جمعہ 27 اپریل 2018 13:06

فیصل آباد۔27 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ اکثر علاقوں میں سورج مکھی کی فصل اس وقت اپنی بڑھوتری کے تمام مراحل طے کرکے کٹائی کے لئے تیار ہوگئی ہے کیونکہ سورج مکھی 120سے 130دنوں میں تیار ہونے والی ایک حساس فصل ہے تاہم فصل کے پکنے کا انحصار اس کی قسم اور موسم پر ہوتا ہے لیکن فصل کو برداشت کرنے سے پہلے کچھ علامات کا خیال ضروری ہے جیسا کہ پھول کی پشت سنہرے رنگ کی ہونی چاہیے ، پھول کی زرد پتیاںخشک ہوکر گر جائیں ،سبز پتوں کا آدھا حصہ گر جائے اور بیج میں دودھیا پن ختم ہوجائے تو فصل برداشت کے لیے تیار ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار سورج مکھی کی برداشت کا عمل بڑی محنت اور احتیاط سے کریں کیونکہ اس عمل میں چھوٹی سی کوتاہی پیداوار کو بری طرح متاثر کرسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ سورج مکھی کی فصل کے پھولوں کو درانتی سے کاٹ لیں اور دو سے تین دن تک زمین سے ایک فٹ اونچے بنائے گئے چبوتروں پر پھیلا دیںاس کے بعد تھریشر سے گہائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر فصل تھوڑی ہوتو پھولوں کی کٹائی کے بعد ان کو خشک کرکے ڈنڈوں سے کوٹ کر دانے علیحدہ کرلیںاورسورج مکھی کے دانوں کو دھوپ میں اچھی طرح خشک کریں۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار زیادہ رقبوں پر کاشتہ فصل کی برداشت کے لیے کمبائن ہارویسٹر کااستعمال کریںکیونکہ اگر فصل پکنے کے بعد بروقت برداشت نہ کی جائے تو فصل کے گرنے اور پرندوں کے کھانے کی وجہ سے نقصان کا احتمال ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیر تک کھڑی فصل میں بارش ہونے کی صورت میں سورج مکھی کے بیجوں کو پھپھوندی لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جس سے پیداوار میں کمی واقع ہوسکتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :