بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر پاکستان دشمنی میں حد سے گزر گئے

جمعہ 27 اپریل 2018 13:20

بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر پاکستان دشمنی میں حد سے گزر گئے
نئی دہلی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27اپریل 2018ء) بھارتی کرکٹ ٹیم کے اوپنر گوتم گمبھیر کا کہنا ہے کہ مودی سرکار کو پاکستان سے کرکٹ تعلقات ختم کرنے کے ساتھ ساتھ ہمسایہ ملک کے لوگوں کو اپنی ہر انڈسٹری میں کام دینے سے مکمل طور پر انکار کردے۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کو انٹر ویو کے دوران گوتم گمبھیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ صرف کرکٹ کھیلنا بند کرنا کافی نہیں ہے ،اگر ان پر پابندی لگانی ہے تو انہیں تمام شعبہ زندگی میں کام دینے سے انکار کرنا ہوگا چاہے وہ فلم انڈسٹری ہو، میوزک یا کچھ اور،کسی بھی پاکستانی کو بھارت میں کام کرنے کی اس وقت تک اجازت نہیں ملنی چاہیئے جب تک پاکستان اور بھارت کے تعلقات معمول پر نہیں آجاتے ۔

گوتم گمبھیر کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ کچھ عرصے میں ہم نے پاکستان کے ساتھ بات چیت کرنے کی کوشش کی ہے لیکن اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا ۔ہرملک کے صبر کا ایک پیمانہ ہوتا ہے ،آپ پہلے بات چیت کرتے ہیں لیکن ایک وقت آتا ہے جب آپ کو سخت ایکشن لینا ہوتا ہے ۔