آسٹریلیا کے کران کسینو کو ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جرمانہ

جمعہ 27 اپریل 2018 17:47

کینبرا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اپریل2018ء) آسٹریلیا کے سب سے بڑے جوا خانے کو اپنی مشینوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی پاداش میں تین لاکھ ڈالر کے جرمانے کی سزا سنائی گئی جس کا مقصد لوگوں کے جیتنے کے امکانات کم کرنا تھا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ سزا میلبرن کے کران کسینو کو دی گئی جو آسٹریلیا میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی سزا ہے۔

حکام کو معلوم ہوا کہ اس کسینو میں پوکر مشینوں کے بعض بٹن بالکل خالی تھے۔حالیہ برسوں میں اسی کسینو کو دوسرے الزامات کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔ریاست وکٹوریا کے جوے اور شراب کی نگرانی کے ادارے وی سی جی ایل آر نے کہا کہ کسینو نے گذشتہ سال 17 مشینوں پر 'سادہ بٹن' لگا رکھے تھے، جس کا مطلب یہ ہے کہ وہاں جوا بازوں کے پاس جیتنے کے صرف دو ہی طریقے بچے تھے۔

(جاری ہے)

ادارے نے ایک بیان میں کہا: 'یہ اس ادارے کی جانب سے کران پر سب سے بڑا جرمانہ ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اس معاملے کو کس قدر سنجیدگی سے لیتا ہے۔آسٹریلیا وہ ملک ہے جہاں جوا کھیلنے والے دنیا میں سب سے زیادہ فی کس رقم ہار دیتے ہیں۔ادارے نے تسلیم کیا ہے کہ کسینو کے اس اقدام سے جوا بازوں کے جیتنے کی شرح پر فرق نہیں پڑا اور نہ ہی کیسینو نے جان بوجھ کر قانون توڑنے کی کوشش کی تھی، تاہم اس جرمانے سے آئندہ کسی کیسینو کو بغیر اجازت مشینوں سے چھیڑ چھاڑ کرنے کی جرات نہیں ہو گی۔