حنا پرویز بٹ نے سرکاری سکولوں میں غریب بچوں کو مفت یونیفارم دینے کے مطالبہ کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی

ہفتہ 28 اپریل 2018 16:23

لاہور۔28 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) مسلم لیگ(ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے سرکاری سکولوں میں غریب بچوں کو مفت یونیفارم دینے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں سکول نہ جانے والے بچوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔اکثر والدین غربت اور مہنگائی کی وجہ سے بچوں کو سکول نہیں بھیج سکتے۔

(جاری ہے)

یہی بچے بعد میں ورکشاپ،ہوٹلوں،دکانوں سمیت جگہ جگہ مزدوری کرتے نظر آتے ہیں ۔جبکہ بعض والدین بچوں کی پرورش کرنے کے اہل نہیں ہوتے تو اپنے بچے بھی فروخت کر دیتے ہیں۔لہذا یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ تمام سرکاری سکولوں میں بچوں کو کتابوں کی ساتھ یونیفارم اور سٹیشنری کا سامان بھی مفت مہیا کیا جائے تاکہ غریب والدین اپنے بچوں کو مہنگائی کی وجہ سے فروخت کرنے کی بجائے ان کو سکول میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے بھیجیں اور تمام سرکاری سکولوں میں ٹھنڈے پانی کے کولر کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔