شمالی کوریا کے ساتھ تین سے چار ہفتوں میں بات ہوگی، ڈونلڈ ٹرمپ

اتوار 29 اپریل 2018 11:30

واشنگٹن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2018ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے ساتھ آئندہ تین سے چار ہفتوں میں بات چیت ہو سکتی ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق واشنگٹن میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ بہت اہم ملاقات ہوگی، انھوں نے امید ظاہر کی کہ وہ کوریائی جزیرہ نما کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے پر کامیاب مذاکرات کریں گے۔

(جاری ہے)

تاہم انھوں نے کہا کہ اگر ایسا نہیں ہوا تو وہ اجلاس سے اٹھ کر چلے جائیں گے۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بی بی سی کو بتایا کہ کم ایک ایسا خاکہ تیار کرنے کے لیے راضی ہیں جس سے ہمیں جوہری ہتھیاروں سے خطے کو پاک کرنے میں مدد ملے گی۔ادھر شمالی کوریا نے صدر ٹرمپ کے حالیہ بیان پر باضابطہ طور پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روزصدر ٹرمپ نے ٹویٹ میں کیا تھاکہ کام ٹھیک ڈھنگ سے ہو رہا ہے اور کم جونگ ان کے ساتھ ان کی ملاقات کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔