لاہور سمیت صوبے بھر میں ڈرگ ایکٹ کیخلاف جاری ہڑتال چوتھے روز بھی جاری رہی

شہری ادویات کے حصول کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھا نے پر مجبور

اتوار 29 اپریل 2018 19:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2018ء) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبے بھر میں ڈرگ ایکٹ کیخلاف جاری ہڑتال چوتھے روز بھی جاری رہی میڈیکل سٹورز بند ہونے کے باعث شہری ادویات کے حصول کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھاتے رہے بتایاگیا ہے کہ ڈرگ ایکٹ 2017ء کیخلاف آل پاکستان کیمسٹ ریٹلرز اور ہول سیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کی کال دی گئی جو چوتھے روز بھی جاری رہی اور لاہور سمیت پنجاب بھر میں زیادہ تر میڈیکل سٹورز بند ہیں جبکہ کچھ بڑے سٹورز کھلے رہے جہاں سے شہری ادویات حاصل کرتے رہے جبکہ یہ اطلاعات ملی ہیں کہ آل پاکستان کیمسٹ ریٹلرز ایسوسی ایشن ہڑتال کے معاملے پر دو دھڑوں میں تقسیم ہوگئی ہے ایک دھڑے کا موقف ہے کہ اب ہمیں ہڑتال ختم کردی جانی چاہئے اور دکانیں کھول لینی چاہئے جبکہ دوسرے دھڑے کا کہنا ہے کہ ہم اپنے مطالبات سے کسی طو رپر بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے انہوں نے کہا کہ 1973ء کے ڈرگ ایکٹ کو دوبارہ نافذ کیا جائے اور اپنے مطالبات کی منظوری تک ہم اپنا احتجاج جاری رکھیں گے دوسرے دھڑے نے کل تمام ریٹلرز اور ہول سیلرز میڈیکل سٹورز مالکان ناصر باغ میں پہنچنے کی ہدایات جاری کی ہیں اور وہاں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا جس میں پنجاب بھر سے میڈیکل سٹورز مالکان شرکت کرینگے میڈیکل سٹور ز مالکان کا کہنا ہے کہ جب تک مطالبات تسلیم نہیں کیے جائیں گے سٹورز بند رکھیں گی2017ء ترمیمی ایکٹ کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں، استحصال بند کیا جائے اور ایکٹ میں ہونے والی تبدیلی کو واپس لیا جائے اگر مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو ایک دفعہ پھر دھرنا دیا جائیگا۔