خواتین کی ترقی اور انہیں اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہو گا، سینیٹر طلحہ محمود

پیر 30 اپریل 2018 13:07

خواتین کی ترقی اور انہیں اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے سب کو مل کر کردار ..
ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) محمد طلحہ محمود فائونڈیشن کے چیئرمین سینیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا ہے کہ خواتین کی ترقی اور انہیں اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے سب کو ملکر کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ معاشرہ کی بے سہارا خواتین اپنی ہنر مندی سے گھریلو اخراجات چلا سکیں، دکھی انسانیت کی خدمت کر کے قلبی سکون حاصل ہوتا ہے، الله کی مخلوق کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہوں، الله نے انہیں اپنی مخلوق میں آسانیاں بانٹنے کی توفیق دی اسے الله کا اپنے اوپر خصوصی کرم سمجھتے ہیں، جب تک جان میں جان ہے اپنے ملک کے غریب لوگوں کی خدمت کرتے رہیں گے، انہیں عوام سے دعائوں کے سوا کچھ بھی نہیں چاہئے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے ملکیار میں ناظم ملک فیصل اقبال کے زیر اہتمام مستحق خواتین میں فائونڈیشن کی جانب سے سلائی مشینیں تقسیم کرنے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کینیڈا سے خصوصی طور پر تشریف لائے فقیر علی اور سلطان گولڈن کے علاوہ فائونڈیشن کے ضلعی سرپرست سید نزاکت حسین شاہ، ملکیار کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت اعجاز خان ترین، پریس کلب کے صدر ذاکر تنولی، ڈسٹر کٹ بار ہری پور کے سیکرٹری لائبریری وقاص احمد ایڈوکیٹ اور سعید بن نزاکت بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فقیر علی اور سلطان گولڈن نے کہا کہ سینیٹر طلحہ محمود کی عوامی خدمات واقعی قابل رشک ہیں اور صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ بیرون ملک بھی ان کی بے لوث عوامی خدمت کے چرچے ہیں جو ہمارے لئے باعث فخر ہیں، ہم خود ان سے عوامی خدمت کے اس بہترین انداز کو سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہر صاحب ثروت شخص کو چاہئے کہ وہ اپنے سے کم تر کی مدد کو یقینی بنائے۔

میزبان ملک فیصل اقبال نے کہاکہ سینیٹر طلحہ محمود حقیقی معنوں میں عوام کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں جو کام ہماری وفاقی و صوبائی حکومتوں اور ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کو کر نے چاہئیں وہ کام موصوف کر رہے ہیں جو حقیقی معنوں میں ایک عظیم کام ہے جس پر انہیں جتنا خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے ووٹ لینے والوں نے ہمیشہ عوام کو مایوس کیا اور اسمبلیوں میں جا کر اپنے ذاتی مفادات کو پروان چڑھایا تاہم سینیٹر طلحہ محمود ایک عرصہ سے گلگت سے لیکر کوئٹہ بلوچستان تک عوام کی بے لوث خدمت میں مصروف ہیں، دور افتادہ علاقوں میں فری میڈیکل کیمپس، رمضان پیکج، سلائی مشینوں کی فراہمی جیسے فلاحی منصوبوں سے وہ ہر وقت الله کی خوشنودی اور غریبوں کی دعائیں سمیٹنے میں مصروف ہیں۔

صدر پریس کلب ذاکر تنولی نے کہا کہ سینیٹر طلحہ محمود حقیقی معنوں میں بے لوث عوامی خدمت کا ایک نشان بن چکے ہیں جن کی تعریف و تحسین زبان زد عام ہے،ان کی جانب سے صحافیوں سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی کے ساتھ ہمیشہ بھرپور تعاون رہا، اگر ہمارے منتخب عوامی نمائندے و مخیر حضرات بھی اس جذبہ سے کام کریں تو معاشرے میں کوئی بھوکا نہ سوئے، کوئی غریب نہ رہے لیکن افسوس ایسا نہیں ہو رہا اور نفسا نسی کا عالم ہے، ایسے میں سینیٹر طلحہ محمود جیسی شخصیات نعمت خداوندی ہیں۔ اس موقع پر 50 خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم کی گئیں جنہوں نے سینیٹر طلحہ محمود، سید نزاکت شاہ، ملک فیصل اقبال اور ان کے ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔