خواتین بزنس پورٹل کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس میں بھی متعارف کرا دیا گیا

پیر 30 اپریل 2018 23:46

خواتین بزنس پورٹل کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس میں بھی متعارف کرا ..
فیصل آباد ۔ 30اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) پاکستان کے پہلے خواتین بزنس پورٹل کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بھی متعارف کرا دیا گیا ہے جس کے ذریعے کاروبار سے وابستہ فیصل آباد کی خواتین میں ای کامرس کے استعمال کو فروغ دیا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائمقام صدر شیخ فاروق یوسف نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی وویمن ایمپاورمنٹ ڈویلپمنٹ بارے قائمہ کمیٹی کی چیئرپرسن مسز نسیم اخترسے ملاقات کے دوران بتائی، اس موقع پر فیصل آباد وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سیکرٹری جنرل اقراء قدیر بھی موجود تھیں، مسز نسیم اختر نے وویمن بزنس پورٹل کے بارے میں بتایا کہ یہ پاکستان کا پہلا الیکٹرانک پلیٹ فارم ہے جو مکمل طور پر کاروباری خواتین کیلئے ہے ، اس کے ذریعے خواتین کو ای کامرس کے شعبے میں داخل ہونے کیلئے ضروری راہنمائی ، مدد، تربیت اور آگاہی دی جائیگی، انہوں نے بتایا کہ ای کامرس نیا شعبہ ہے جس کے ذریعے خاص طور پر خواتین اپنے گھر سے ہی اپنی تیارکردہ مصنوعات کی مارکیٹنگ کے علاوہ ان کی فروخت بھی کر سکیں گی، انہوں نے کہا کہ خواتین ای کامرس کے ذریعے بہت کم خرچے سے اپنے کاروبار کو فروغ دے سکتی ہیں، شیخ فاروق یوسف نے خواتین کے بزنس پورٹل کو سراہا اور کہا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور بالخصوص خواتین چیمبر سے براہ راست وابستہ خواتین کیلئے یہ ایک بہت بڑی سہولت ہے جس سے انہیں بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے۔