افغانستان میں برطانوی خبر رساں ادارے کا رپورٹرفائرنگ سے قتل

29سالہ احمد شاہ موٹرسائیکل پر اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے جارہاتھا،نامعلوم افرادنے نشانہ بنایا،حکام

منگل 1 مئی 2018 15:50

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) افغانستان میں ایک اور صحافی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ،صحافی کو افغان صوبے خوست میں اس وقت گولیوں کا نشانہ بنایا گیا جب وہ موٹر سائیکل پر اپنے فرائض کی انجام دہی کے لئے جا رہا تھا۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق مقامی انتظامیہ نے بتایاکہ خوست میں نا معلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 29سالہ احمد شاہ کے نام سے ہو ئی جو صحافت کے پیشے سے منسلک اوربرطانوی خبر رساں ادارے کے لئے رپورٹنگ کی ذمہ داریاں انجام دیتا تھا۔

عالمی صحافتی تنظیموں نے احمد شاہ کے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہو ئے حکام سے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔رواں سال افغانستان میں مارے جانے والے صحافیوں کی تعداد14سے تجا وز کر چکی ہے۔انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں سال 2017 کے دوران 81 صحافی اپنی جانوں سے گئے ،شام کے بعد افغانستان صحافیوں کے لئے خطر ناک ترین رہا جبکہ2016میں مارے گئے صحافیوں کی93تھی اور افغانستان اس سال بھی صحافیوں کیلئے خطرناک ترین ممالک میں شامل رہا۔