پشاور میں بھی عالمی یوم مزدور کی مناسبت سے ریلیاں نکالی گئیں

منگل 1 مئی 2018 16:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) ملک بھر کی طرح پشاور میں بھی عالمی یوم مزدور کی مناسبت سے ریلیاں نکالی گئی ۔ اس سلسلے میں پی ڈبلیو ڈی لیبر یونین سی اینڈ ڈبلیو خیبر پختونخوا ‘پی ڈبلیو ایف ‘گاڑی بان لیبر یونین نے فردوس سے باچاخان چوک تک ریلی نکالی جس کی قیادت پی ڈبلیو ڈی لیبر یونین کے صدر ملک نثار خان ‘سینئرنائب صدرمومن خان‘جنرل سیکرٹری عبدالسلام ‘ فرحت اللہ اور عبدالرحمن‘ پی ڈبلیو ایف کے رہنماء اعجاز احمد ‘ احسان جبکہ گاڑیبان لیبر یونین کے سمیع اللہ اور دیگر کر رہے تھے ۔

واپڈا یونین نے جی ٹی روڈ پر ریلی نکالی جس میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ریلی کے شرکاء نے کہاکہ صوبائی اورمرکزی حکومت کی جانب سے مزدوروں کے حقوق کی تحفظ کیلئے کوئی موثر اقدامات نہیں کئے جارہے جس سے ان کی مشکلات میں آئے روز اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ان کاکہنا تھا کہ مہنگائی کے تناسب سے مزدوروں کے اجرت میں اضافہ ہونا چاہیے لیکن بدقسمتی سے نہ تو حکومت کی جانب سے ا س سلسلے میں کوئی اقدامات کئے جارہے ہیں اور نہ کارخانہ دار ان کا خیال رکھتے ہیں ، اکثر جگہوں پر کام کرنیوالے مزدور بنیادی حقوق سے محرو م ہیں ۔

یونین کے رہنمائوںنے کہاکہ اگر خیبر پختونخوا حکومت آئندہ سال کیلئے بجٹ پیش کرناچاہتی ہے تو مزدوروں کے ماہانہ اجرت کوبڑھا کر تیس ہزار مقرر کیا جائے اور ساتھ ساتھ اس کی ادائیگی پر عملدرآمد کیلئے ٹھوس قوانین بھی بنائے جائیں۔انہوںنے کہاکہ یکم مئی 1886 ء کو شکاگوکے شہداء نے عظیم قربانی دیکر ایک مثال قائم کر دی،وفاقی اور صوبائی حکومتیں مزدوروں کے حقوق دینے کیلئے اقدامات اٹھائیں، مزدوروں کو سرکاری ہسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت فراہم کرکے ان کے بچوں کیلئے مناسب تعلیمی نظام فراہم کیا جائے تاکہ ان کی حالت زار بہتر ہوسکے ۔