مولانا عبدالستار خان نیازی کی دینی ملی اور سیاسی خدمات ہمارے لئے بہترین نمونہ ہیں، پیر صفدر شاہ گیلانی

منگل 1 مئی 2018 21:47

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) جمعیت علماء پاکستان (نورانی) کے مرکزی سیکریٹری جنرل پیر صفدر شاہ گیلانی نے کہا ہے کہ مولانا عبدالستار خان نیازی کی دینی ملی اور سیاسی خدمات ہمارے لئے بہترین نمونہ ہیں ، آپ نے زندگی کی آخری سانس تک عقیدہ ختم نبوت اور ناموس مصطفیٰﷺ کے تحفظ کی جدوجہد کی۔ پیر صفدر شاہ گیلانی نے مولانا عبدالستار خان نیازی کے سالانہ عرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا عبدالستار خان نیازی تحریک پاکستان کے عظیم سپاہی تھے انگریزوںاور سیکولر مسلمان کے ناپاک عزائم کے خلاف ڈٹ جانا آپ کا خاصہ تھا، آپ کی پوری زندگی اتباع رسول اور عظمت مصطفیٰ ﷺ کے تحفظ میں گزری آپ نے ہر فورم پر اللہ اور اس کے حبیب ﷺ کے نظام کو عملی طور پر نافذ کرنے کی جدوجہد کی، انہوں نے کہا کہ تحریک ختم نبوت میں پھانسی کی سزا ہونے کے بعد بھی آپ کے جذبہ عشق مصطفیٰ ﷺ میں کمی نہیں آئی شیر کی گرجتی ہوئی آوازحکمرانوں کیلئے ننگی تلوار تھی، انہوں نے کہا کہ مولانا عبدالستار خان نیازی جیسے محب وطن عاشق رسول اور ملت کے غمگسار بہت کم جنم لیتے ہیں آپ نے مولانا شاہ احمد نورانی کا دست بازو بن کر اسلام کے آفاقی نظام ںظام مصطفیٰ ﷺ کو اقتدار میں لانے کی آخری سانس تک جدوجہد کی آپ نے قید بند کی صعوبتیں برداشت کیں ظالم حکمرانوں کے خلاف صدائے حق بلند کرتے رہے۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ عبدالماک نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا عبدالستار خان نیازی کی دینی ملی اور سیاسی خدمات ہمارے لئے بہتریں نمونہ ہیں، کانفرنس سے مولانا اصغر خلیل،عطاء اللہ خان رکھڑی،مولانا امیر عبداللہ،فدا محمد وقاص نے بھی خطاب کیا، کانفرنس میں پیر توقیر حسین شاہ ،صاحبزادہ مشتاق ڈاکٹر اقبال نیازی نے بھی شرکت کی۔