بن غازی کی دہشت گرد تنظیم مجلس شوری کے سربراہ کی ہلاکت کا اعلان

وسام کی ہلاکت کا اعلان اس کے اہل خانہ نے ترکی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا

بدھ 2 مئی 2018 14:15

طرابلس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) لیبیا میں دہشت گرد تنظیم مجلس شوری برائے انقلابیان بنغازی کے کمانڈر وسام بن حمید کے اہل خانہ نے باقاعدہ طور پر اپنے فرزند کی ہلاکت کا اعلان کر دیا۔ وسام ایک برس قبل لیبیا کی فوج کے ایک فضائی حملے میں نشانہ بننے کے بعد سے منظرعام سے غائب تھا۔عرب ٹی وی کے مطابق وسام کی ہلاکت کا اعلان اس کے اہل خانہ نے ترکی میں ایک پریس کانفرنس میں کیا تاہم ہلاکت کی تاریخ اور مقام کے بارے میں نہیں بتایا گیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل 6 جنوری 2017ء کو لیبیا کی مسلح افواج کے کمانڈر احمد المسماری نے اعلان کیا تھا کہ بنغازی شہر کے مغرب میں ایک فضائی حملے کے دوران وسام بن حمید ہلاک ہو گیا۔ تاہم مجلس شوری برائے انقلابیان بنغازی نے اٴْس وقت سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ وسام ابھی تک زندہ ہے اور اسے صرف گردن میں زخم آئے ہیں۔وسام کو مجلس شوری برائے انقلابیان بنغازی کے نام سے لڑائی میں شریک مسلح گروپوں کا ایک اہم ترین کمانڈر شمار کیا جاتا تھا۔ اس نے 2014ء میں مذکورہ مجلس شوری کے امیر کی بیعت کا اعلان کیا تھا۔