دوہری شہریت کیس میں نااہل سابق ارکان اسمبلی کو تنخواہوں اور مراعات واپسی کی مد میں پانچ پانچ لاکھ روپے جمع کرانے کا حکم

سپریم کورٹ نین کے خلاف درج فوجداری مقدمات بھی ختم کرنے کی ہدایت کردی

بدھ 2 مئی 2018 22:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2018ء) سپریم کورٹ نے دوہری شہریت کیس میں نااہل سابق ارکان اسمبلی کو تنخواہوں اور مراعات واپسی کی مد میں پانچ پانچ لاکھ روپے جمع کرانے کا حکم دیدیا جبکہ ان کے خلاف درج فوجداری مقدمات بھی ختم کرنے کی ہدایت کردی۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے دہری شہریت کیس میں نااہل ارکان اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات کی واپسی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت وکیل نے کہا کہ عدالت نااہل ارکان سے تنخواہ کی ریکوری نہ کرنے کا حکم دیتو جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ ریکوری کی قسطیں کر سکتے ہیں مکمل ختم نہیں کرسکتے، پارلیمنٹ خدمت کی جگہ ہے پیسے بنانے کی نہیں اور دہری شہریت والے کیس میں کوئی رکن اسمبلی غریب نہیں، چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ دہری شہریت والوں سے پانچ لاکھ روپے کی ریکوری کرلیتے ہیں جس پر سابق رکن اسمبلی شہنازشیخ نے کہا کہ ایک کروڑ پچیس لاکھ ریکور کیے جا رہے ہیں، فوجداری کیس میں ڈیڑھ سال بعد ضمانت ہوئی لہذا مراعات اور تنخواہ واپس کرنا افورڈ نہیں کر سکتی، عدالت نے دہری شہریت کے مقدمے میں فیصلے میں ترمیم کرتے ہوئے نا اہل ارکان کو تنخواہوں اور مراعات واپسی کی مد میں پانچ پانچ لاکھ روپے جمع کرانے کا حکم دیدیا، جبکہ ان کے خلاف درج فوجداری مقدمات بھی ختم کرنے کا فیصلہ دیا۔