واٹربورد کی ملکیت سرکاری اراضی کے ایک ایک انچ کی حفاظت کی جائے گی ،

ایم ڈی واٹربورڈ تجاوزات قائم کرنے والوں کی بیخ کنی کی جائے گی اور انہیں قانون کی گرفت میں لاکر قرار واقعی سزائیں دلائیں گے ، خالد محمود شیخ

بدھ 2 مئی 2018 23:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ نے کہا ہے کہ واٹربورد کی ملکیت سرکاری اراضی کے ایک ایک انچ کی حفاظت کی جائے گی ، تجاوزات قائم کرنے والوں کی بیخ کنی کی جائے گی اور انہیں قانون کی گرفت میں لاکر قرار واقعی سزائیں دلائیں گے ، انہوں نے واٹربورڈ کے افسران و انجینئرز کو ہدایت کی کہ واٹربورڈ کی اراضی کی حفاظت کیلئے فوری اور موثر اقدامات کئے جائیں ، انہیں قبضہ مافیا سے بچانے اور تجاوزات سے پاک رکھنے کیلئے تمام تر وسائل استعمال کئے جائیں ، اس ضمن میں پولیس اور شہری وضلعی انتظامیہ سے بھی مدد لی جائے ،کسی بھی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،اگر کسی افسریا انجینئر کے حدود میں واٹربورڈ کی اراضی پر قبضہ یا غیرقانونی تجاوزات کی اطلاع ملی تو ایسے افسران اور عملے کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ، یہ ہدایات ایم ڈی واٹربورڈ نے افسران کے نام جاری ایک فوری مراسلہ میں کہی ، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت خصوصا ً وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر بلدیات وچیئرمین واٹربورڈ جام خان شورو کی ہدایات ہیں کہ سرکاری اراضی کی حفاظت اور ان پر غیرقانونی تجاوزات کے خاتمہ کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں ، واٹربورڈ ان ہدایت کی روشنی میں اپنی ملکیتی اراضی کی حفاظت اور اسے قبضہ مافیا اور تجاوزات سے بچانے کیلئے بھر پور اقدامات کرے گا ، سرکاری اراضی پر غیرقانونی قبضہ کرنے والے عناصر کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ، ا ن کے خلاف مقدمات کا اندراج بھی کیا جائے گا ،انہوںنے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ حدود میں واقعی واٹربورڈ کے دفاتر اور تنصیبات، ملازمین کی رہائشی کالونیوں کی خالی اراضی کی فہرست رقبہ اور محل وقوع خصوصاً واٹربورڈ کی مرکزی لائنوں ، کنڈیوٹ ، سائفن یا دیگر تنصیبات پر قائم غیر قانونی تجاوزات کی تفصیلات سے فوری طور پر ایم ڈی سیکریٹریٹ کو آگاہ کریں ،اگر کسی جگہ زمین کے کسی حصے پر تنازعہ یا غیرقانونی تجاوزات ہیں تواس سے متعلق تفصیلات بھی فراہم کی جائیں ،سرکاری اراضی کی حفاظت کیلئے بھرپور عملی اقدامات کئے جائیں، انہوں نے ڈائریکٹر لینڈ اینڈ اسٹیٹ اور چیف سیکورٹی آفیسر کو ہدایت کی کہ سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ، ایسے عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے اور انہیں قانون کی گرفت میں لانے کیلئے پولیس ،شہری انتظامیہ سے مددلی جائے ۔

متعلقہ عنوان :