نوجوانوں کی آبادی کے لحاظ سے پاکستان دنیا کا سب سے بڑا ملک بن گیا ہے، یو این رپورٹ

بدھ 2 مئی 2018 23:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) نوجوانوں کی آبادی کے لحاظ سے پاکستان دنیا کا سب سے بڑا ملک بن گیا ہے۔ بدھ کو یو این ڈویلپمنٹ پروگرام کی جانب سے جاری جامع نیشنل ہیومن ڈویلپمنٹ رپورٹ میں انکشاف کیاگیا ہے کہ پاکستان نوجوان افراد پر مشتمل آبادی کے لحاظ سے دنیاکا بڑا جبکہ جنوبی ایشیاء میں افغانستان کے بعد دوسرا بڑا ملک ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کی مجموعی آبادی کا 64 فیصد 30 سال سے کم اور 29 فیصد آبادی 15سے 29 سال کے درمیان نوجوان افراد پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

یو این ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر نیل بھونے نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ پاکستان کے ویژن 2025 کے حوالے سے حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ نوجوانوں کے ساتھ کام کو ترجیح دیتا ہے۔ نیشنل ہیومن ڈویلپمنٹ رپورٹ کے نمایاں مصنف ڈاکٹر عادل نجم کاکہنا ہے کہ پاکستان کے مستقبل کا تعین 15سے 29 سال کے درمیان نوجوانو ں کے ہاتھ میں ہے۔ نوجوانوں کے لئے تعلیم ، روز گار کے بامعنی مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاسکیں ۔رپورٹ کے مطابق 195 ممالک میں سے صرف 4 ممالک تعلیم کے لئے زیادہ فنڈز مختص کرتے ہیں۔